وزیراعظم آج لندن روانہ ہونگے ،زرداری سے ملاقات طے نہیں،مصدق ملک
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے وزیر اعظم نواز شریف کی لندن میں سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی پی پی قیادت سے کوئی ملاقات شیڈول نہیں تھی اور نہ ہی انہوں نے خواہش ظاہر کی۔اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے لندن میں پیپلزپارٹی سے کسی ملاقات کی خواہش ظاہر نہیں کی۔ وزیراعظم نواز شریف خالصتاً طبی معائنے کیلئے لندن جارہے ہیں جہاں ان کا طبی معائنہ کافی عرصے سے شیڈول تھا۔
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر وسابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیر اعظم نواز شریف سے پاناما لیکس کے معاملے پر ملاقات سے صاف انکار کردیا ہے۔نجی ٹی وی چینلز کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف اپنے علاج کیلئے بدھ کو لندن جائیں گے جہاں سابق صدر آصف علی زرداری پہلے سے ہی موجود ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ’طبی‘دورے کے دوران مشترکہ دوستوں سے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کا انتظام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ وزیر اعظم کی خواہش پر مشترکہ دوستوں نے سابق صدر سے رابطہ کیا تاہم انہوں نے ملاقات سے صاف انکار کردیا۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر پارٹی میں طویل مشاورت ہوئی جس کے بعد پارٹی رہنماؤ ں نے ایشو پر واضح موقف اختیار کیاہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی پاناما لیکس پر اپوزیشن کے ساتھ کھڑی ہے