جان دے دوں گا کسی کو عام آدمی کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دونگا ، شہباز شریف

جان دے دوں گا کسی کو عام آدمی کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دونگا ، شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پرالزامات اورتنقید بے بنیاداورجھوٹ کا پلندا ہے۔اس عوامی منصوبے پر وہ عناصر تنقید کررہے ہیں جو اپنی چھٹیاں یورپ میں گزارتے ہیں اور انہوں نے عام آدمی کے ساتھ کبھی سفر کرنے تصور بھی نہیں کیاہے ۔اورنج لائن میٹروٹرین کی تکمیل سے مٹھی بھر اشرافیہ کے منہ بند ہوجائیں گے ۔ میں عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبے میں رخنہ ڈالنے والوں کے خلاف پہاڑ بن جاؤں گا اورمیں جان دے دو ں گا لیکن عام آدمی کے حقو ق پر کسی صورت ڈاکہ ڈالنے نہیں دوں گا۔میٹرواورنج لائن اور عام آدمی کے دیگر فلاحی منصوبوں سے دشمنی کرنے والوں کامقابلہ جان پر کھیل کر کروں گا۔میٹرواورنج لائن میں شفافیت کی مثال اس سے بڑھ کر کیا ہوسکتی کہ ملک کے 69سالہ تاریخ میں اس منصوبے میں 76ارب روپے بچائے گئے ہیں ۔میٹرواورنج لائن ٹرین پر تنقید عام آدمی کے حقوق اور فلاح وبہبود کے منصوبوں کے خلاف سازش ہے اورایسی سازشیں کرنے والے مٹھی بھر عناصر عوام کے غیض وغضب سے نہیں بچ پائیں گے۔میرااشرافیہ سے صرف یہی جھگڑا ہے کہ وہ غریب عوام کے منصوبوں کی مخالفت کررہے ہیں اور وہ غریبوں سے خوشحالی کا انقلاب چھیننا چاہتے ہیں اگر وہ غریب عوام کی دشمنی چھوڑ دیں تو میں ان کی ہر بات ماننے کیلئے تیار ہوں لیکن اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو میں ان کاسب سے بڑا دشمن ثابت ہوں گا اورانہیں کسی صورت عوام کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گااورعوام کو ان کا حق دلانے کیلئے کوئی بھی قیمت دینا پڑی میں وہ ہرصورت دوں گا۔اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کو ہر قیمت پر مکمل کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ایکسپو سنٹر کے آڈیٹوریم میں لاہوراورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے حوالے سے خصوصی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، خواجہ احمد حسان،ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر، چےئرمین پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سبطین فضل حلیم،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اورتمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے سیمینار میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین میٹروبس سے بھی بڑھ کر قابل اعتماد منصوبہ ہوگاجس سے عام آدمی کو محفوظ، باکفایت اور باوقار ٹرانسپورٹ میسرآئے گی اورمنصوبے کی تکمیل سے مٹھی بھر اشرافیہ بے مقصد اوربلاجواز تماشابھی ختم ہوگا۔ اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی وہ لوگ مخالفت کررہے ہیں جن کے بچے کڑروں روپے مالیت کی لمبی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں ۔یہ لوگ میٹروٹرین سے تاریخی ورثے کے متاثر ہونے کے بارے میں جھوٹ بول رہے ہیں ،یہ تو وہ لوگ ہیں جنہوں نے کبھی پاکستان کے تاریخی مقامات کو دیکھا تک نہیں بلکہ یہ اپنے کتوں کیساتھ چھٹیاں بھی یورپ اوردیگر ممالک میں منانے جاتے ہیں ۔اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے میں قوم کے 76ارب روپے بچائے گئے ہیں ۔جی ٹو جی معاہدوں میں ٹینڈرنگ کا عمل نہیں ہوتا لیکن پنجاب حکومت سے حکومت کے منصوبے اورنج لائن میٹروٹرین میں ٹینڈرنگ مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان لائیوسٹاک کی پیدا وار میں دنیا کادسواں بڑا ملک ہے اور یہاں لائیوسٹاک سیکٹر میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔دنیا میں لائیوسٹاک کی تجارت ایک ہزار ارب ڈالر ہے لیکن پاکستان کا لائیوسٹاک کی اس عالمی تجارت میں اس کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے جوسندھ،پنجاب،کے پی کے ،بلوچستان اورپاکستان بھر کے منصوبہ سازوں،سائنسدانوں اور لائیوسٹاک کے ماہرین کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔لائیوسٹاک سیکٹر کو فروغ دیکر قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جاسکتا ہے اور اس مقصد کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ صوبائی الحکومت میں سٹیٹ آف دی آرٹ سلاٹر ہاؤس بنایا گیا ہے اور یہ پاکستان کا جدید ترین سلاٹر ہاؤس ہے لیکن اس سے بھی پورا طرح استفادہ نہ کیا جانا قابل افسوس ہے ۔حلال مصنوعات کی تجارت بڑھا کر قومی معیشت کو بحال کیا جاسکتا ہے ۔اس مقصد کیلئے قانون تیارکرلیاگیا ہے اوربل جلد پنجاب اسمبلی میں لایا جارہا ہے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں پانچویں انٹرنیشنل حلال کانفرنس و نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ملایشیاء کے وزیرمملکت حاجی عبدالملک، ملایشیاء کے اعزازی قونصل جنرل عبدالرفیق کریم،چینی قونصل جنرل یوبورن،مشیر لائیوسٹاک ارشد جٹ،ملایشیاء،تھائی لینڈ ،انڈونیشیاء اورچین کے مندوبین کے علاوہ حلال انڈسٹری سے وابستہ افراد نے بڑی تعدا دمیں سیمینار میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلال فوڈ کانفرنس میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے اورمیں کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی مندوبین کو خوش آمدید کہتا ہوں ۔کانفرنس میں دوست ملک چین سے بھی ماہرین شریک ہیں ۔کانفرنس کا انعقاد پنجاب حلال ڈویلپمنٹ ایجنسی کی ایک شاندار کاوش ہے جس کے نتیجے میں حلال مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کیلئے سود مند سفارشات سامنے آئیں گی اوردوست ممالک کے تجربات و مہارت سے فائدہ اٹھانے کا موقع بھی ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وفاق میں پاکستان حلال اتھارٹی ایکٹ لاگو کیا ہے اور پنجاب میں اس حوالے سے بل تیار کر لیا گیا ہے جسے جلد پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا جائے گا۔ اس قانون سازی سے عوام کو حلال اشیاء کی فراہمی یقینی ہو گی۔ وائس چانسلر ویٹرنری یونیورسٹی آف انیمل سائنسز نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلال پراڈکٹس کے حوالے سے قصابوں کی تربیت کا خصوصی پروگرام شروع کیا گیا ہے اور لائیوسٹاک سیکٹر کے پوٹینشل کو بروئے کار لانے کے لئے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں ۔ بعد ازاں وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے پانچویں انٹرنیشنل حلال کانفرنس و نمائش کا افتتاح کیا اور نمائش میں لگائے گئے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا۔

مزید :

صفحہ اول -