صرف عوام کی خدمت کی ، جس دن کرپشن ثابت ہو گئی ، سیاست چھوڑدوں گا ، خورشید شاہ

صرف عوام کی خدمت کی ، جس دن کرپشن ثابت ہو گئی ، سیاست چھوڑدوں گا ، خورشید شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد ( اے این این ) اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا ہے کہ اب تک جنتی بھی وزارتوں میں رہا صرف عوام کی خدمت کی ٗ جس دن کرپشن ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑ دوں گا ٗایف آئی اے اور نیب کے بجائے ایوان میرا احتساب کرے اور قوم کو بتائے اپوزیشن لیڈر نے کون سے فوائد حاصل کیے ۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ایک شخص کل کہہ رہا تھا خورشید شاہ کے خلاف نیب کی بہت سی فائلیں ان کے پاس آگئی ہیں،وزیرداخلہ نے جیسی بات کی ایسی تو عام آدمی بھی نہیں کرتا ہے، وزیر داخلہ بڑے شیربنتے ہیں ، یہ شیر نہیں گیدڑ سے بھی بدتر ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جن کا لیڈر جلاوطن ہوا تو وہ گھروں میں سکون کی نیند سوتے رہے، گھٹیا آدمی بھی ایسی بات نہیں کر سکتا جوایک وزیرنے کی، وزیرداخلہ ان کی زبان بندی کرنا چاہتے ہیں اسی لیے وہ انہیں بلیک میل کرتے ہیں۔ کیا نیب وزیر داخلہ کے ماتحت ہے اس کا جواب بھی آنا چاہیے۔پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ وہ مرسکتے ہیں لیکن کرپشن نہیں کرسکتے،وہ آج تک جتنی وزارتوں میں رہے ہیں صرف عوام کی خدمت کی ہے، 2 بینک اکاؤنٹس کے علاوہ ان کا کہیں بھی کوئی اکاؤنٹ نہیں۔ انہوں نے 1973 سے کاروبار شروع کیا لیکن نواز شریف کی حکومت آئی تو ان کے خلاف نیب کے کیسز بنائے گئے،وہ خداکو حاضر ناظر جان کرکہتے ہیں کہ ایف آئی اے اور نیب کے بجائے ایوان ان کا احتساب کرے، قوم کو بتایا جائے کہ اپوزیشن لیڈر نے کون سے فوائد حاصل کیے۔ جس دن ان پر کرپشن ثابت ہوجائے تو وہ ان کا آخری دن ہوگا، تحقیقاتی ٹیم کو سکھر بھجوایاجائے اور اگر ایک انچ زمین پر بھی قبضہ ثابت ہو تو آج سے ان کا استعفا قبول کرلیں۔

مزید :

صفحہ اول -