امانت سکیم، ٹیکس کلچر کے فروغ میں اہم قدم

امانت سکیم، ٹیکس کلچر کے فروغ میں اہم قدم
 امانت سکیم، ٹیکس کلچر کے فروغ میں اہم قدم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبے میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لئے پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی اور منفرد ’’امانت سکیم‘‘ کا باقاعدہ اجرا کیا۔ اس ضمن میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کے زیر اہتمام ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے تحت ’’امانت سکیم‘‘ کی پہلی قرعہ اندازی ایوان وزیراعلیٰ میں منعقد ہوئی۔۔۔ وزیراعلیٰ نے ’’امانت سکیم‘‘ کی پہلی قرعہ اندازی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔۔۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لئے ملک کی منفرد اور اچھوتی’’ امانت سکیم‘‘ کا آغاز کیا ہے۔ ٹیکس ڈے کے موقع پر اس شاندار سکیم کا آغاز ایک انتہائی خوبصورت اقدام ہے، جس سے صوبے میں ٹیکس کلچر فروغ پائے گا، کیونکہ امن وامان کی بحالی، شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ٹیکس کی وصولی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عمومی طورپر وہی ریاست کامیاب کہلاتی ہے جو ان تینوں ذمہ داریوں کو بطریق احسن نبھانے میں کامیاب ہوتی ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں ڈنڈے کی بجائے ترغیبات کے ذریعے ٹیکس جمع کرنے کے منفرد کلچر کو فروغ دینے کے لئے ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا ہے۔عوام کے تعاون سے اس نئے نظام کومختلف جہتوں میں پھیلائیں گے، تاکہ ٹیکس کے ذریعے حاصل ہونے والے وسائل عوام کو تعلیم ،صحت،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اوردیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کئے جاسکیں۔


خادم اعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ امر خوش آئند ہے ،اس نئے نظام کے تحت صرف چند روز میں دو لاکھ سے زائد رسیدیں جمع کرائی گئیں۔دیگر صوبوں اورپنجاب کے دیگر اضلاع سے بھی کالز کر کے کہا جارہا ہے ،اسے ہمارے صوبے یا شہر میں بھی شروع کیا جائے جو اس سکیم کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ شہری اپنی ذمہ داری نبھائیں، ریسٹورنٹس میں کھانا کھانے کی رسید لیں اور انعامات حاصل کریں۔’’امانت سکیم‘‘مکمل طورپر شفاف اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے۔ابھی ابتداء ہے ،تاہم اس سکیم کو بھر پور آگاہی مہم کے ذریعے مزیدآگے لے کرجائیں گے، جس سے ٹیکس کلچر جڑ پکڑے گا۔ حکومت کے مالیاتی امور کے لئے ٹیکس انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اورعوام کو سہولتوں کی فراہمی اور واجبات کی ادائیگی بھی ٹیکسوں کی وصولی سے ہی مشروط ہے۔ٹیکسیشن کا عمل ترقی کے لئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے ۔ٹیکس ڈے منانے کی تقریب کے انعقاد کا مقصد بھی عوام میں شعور پیدا کرکے ٹیکس کی ادائیگی کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔ ٹیکس وصولی کے نظام میں خامیاں موجود ہیں ،تاہم موجودہ حکومت نے ان خامیوں کو بہت حد تک دور کیا ہے اور پنجاب حکومت نے صوبے میں شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا ہے اور تمام وسائل نہایت شفاف طریقے سے عوام کو بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی پر صرف کیے جارہے ہیں۔


ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے تحت ’’امانت سکیم‘‘کی قرعہ اندازی ہر مہینے ہوگی ۔ پنجاب حکومت کی کوشش ہوگی یہ قرعہ اندازی مہینے میں دو بارہو۔ تقریب کے اختتام پر پنجاب ریونیو اتھارٹی ،پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت ریسٹورنٹ اورہوٹل انڈسٹری کے بیشتر امورپنجاب فوڈ اتھارٹی دیکھے گی۔ٹیکس وصولی کے معاملات پنجاب ریونیو اتھارٹی، جبکہ سیاحت کے فروغ کے معاملات ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن دیکھے گی۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت تینوں ادارے ایک دوسرے سے محکمانہ اشتراک سے ٹیکس کی بروقت ادائیگی ،حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی اور مہمانداری کی مستند صنعت کے فروغ کو یقینی بنائیں گے اوریہ تینوں ادارے ریسٹورنٹ کے لئے مشترکہ سرٹیفکیشن بھی کریں گے۔


وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے تحت ’’امانت سکیم‘‘ کی پہلی قرعہ اندازی کی تقریب کے دوران انتہائی خوشگوار مو ڈ میں دکھائی دیئے۔وزیراعلیٰ کے برجستہ جملوں سے شرکائے تقریب بہت محظوظ ہوئے۔تقریب کے دوران انتہائی شفاف انداز میں ’’امانت سکیم ‘‘ کے تحت پہلی قرعہ اندازی کے خوش نصیبوں کا اعلان کیاگیا اور وزیراعلیٰ نے قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات جیتنے والے بعض خوش نصیبوں سے ٹیلی فون پر بات بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے ایک موقع پر کہا، قرعہ اندازی آپ سب کے سامنے ہورہی ہے اورآپ ہی اس قرعہ اندازی کی شفافیت کے گواہ ہیں اورآپ یہ مت سمجھیں گاڑیاں اورانعامات واپس لے کرجانے ہیں۔ یہ تمام انعامات آپ کے لئے ہیں۔تقریب میں بتایا گیا پہلے ہر ماہ ایک گاڑی خوش نصیب کو ملنی تھی، تاہم وزیراعلیٰ کی ہدایت پر’’ امانت سکیم‘‘ میں تین گاڑیاں شامل کی گئیں۔ وزیراعلیٰ اور ’’امانت سکیم‘‘ کی پہلی قرعہ اندازی میں انعامات جیتنے والے خوش نصیبوں کے درمیان فو ن پر انتہائی دلچسپ انداز میں گفتگو ہوئی اورانہیں شہبازشریف کی آواز سن کر خوشگوار حیرت ہوئی۔


قرعہ اندازی میں انعامات جیتنے والے افراد کے موبائل نمبر سکرین پر نمودارہوئے تو وزیراعلیٰ نے کہا میں ان خوش نصیبوں سے بات بھی کرنا چاہتا ہوں۔ عمرے کا ٹکٹ جیتنے والے ڈاکٹر آصف علی کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سکیم کے بارے میں پوچھا ،جس پر انہوں نے کہا کہ یہ بہت شاندار سکیم ہے اوراس سے بہت فائد ہ ہوگا۔عمرے کا ٹکٹ جیتنے والے دوسرے خوش نصیب سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پوچھا کہ کون صاحب بات کررہے ہیں، جس پر انہوں نے کہا آپ نے کس سے بات کرنی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آپ کا خادم شہبازشریف بات کررہاہوں۔ قرعہ اندازی میں ہنڈا سٹی کار جیتنے والے خوش نصیب سے وزیراعلیٰ نے کہا مَیں آپ کا خادم شہباز شریف بات کررہا ہوں، آپ کی گاڑی انعام میں نکلی ہے، کیا آپ کو یقین آگیا ہے ،جس پر انہوں نے کہا مجھے یقین نہیں آرہا،لیکن دوسری بار پوچھنے پر انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ کا شکرہے میری گاڑی نکلی ہے۔ پنجاب کے ڈویڑنل کمشنرز اورڈی سی اوز کے دفاتر سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ڈویڑنل وضلعی حکام ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شریک ہوئے۔

مزید :

کالم -