اسلام آباد سے کالعدم تنظیم حزب التحریر کے دو اہم سرگرم ارکان گرفتار
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)SIUاورCIDاسلام آبادنے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم حزب التحریر کے دو اہم سرگرم ارکان گرفتارکر لیے۔تفصیلات کے مطا بق ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد ساجد کیانی کی خصوصی ہدایت پرSP/SIU/CIDکیپٹن ریٹائرڈ محمد الیاس نے SIUاور CIDاسلام آباد پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دے کرٹاسک دیا کہ علاقہ تھانہ آبپارہ میں کالعدم تنظیم حزب التحریر کے ارکان مملکتِ پاکستان کے خلاف عوام الناس میں مذہبی منافرت پھیلانے کیلئےHate Material (شر انگیزپمفلٹ وغیرہ) تقسیم کرتے ہیں کے خلاف فوری ایکشن لے کر گرفتار کیا جائے۔ دورانِ سرچ آپریشن علاقہ تھانہ آبپارہ SIUاور CIDاسلام آبادکی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم حزب التحریر کے سرگرم ارکان محمد سعد خان جدون عرف اسماعیل اور سیف اللہ عرف خالد کوآبپارہ چوک مسجد شہداء اسلام آبادکے سامنے سے گرفتار کر لیا۔یہ لوگ ملک میں نفاذ اسلام اورخلافت راشدہ کے قیام اور مملکت پاکستان اور حکومت پاکستان کے خلاف لوگوں کے جذبات کو بھڑکانے اور نفرت انگیز ممنوعہ لٹریچروپمفلٹ لوگوں میں تقسیم کررہے تھے ان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں نفرت انگیز پمفلٹ اور ممنوعہ لٹریچر برآمد کر لیا گیا۔۱۔ملزم سعد خان جدون کا تعلق ضلع ایبٹ آباد سے ہے۔ UETپشاور کا سٹوڈنٹ رہ چکا ہے۔ اسلام آباد کے مغربی سیکٹر کا انچارج ہے۔ حزب التحریر اسلام آباد کیلئے بندے بھرتی کرتا ہے۔ ۲۔ملزم سیف اللہ عرف خالد M. Sc.کیمسٹری قائداعظم یونیورسٹی اسلام آبادکا سٹوڈنٹ رہ چکا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج رجسٹر کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی گئی۔ ملزمان کے انکشاف پر مزید ملزمان کی گرفتاری اور نفرت انگیز لٹریچر کی برآمدگی کی توقع ہے۔