پی ٹی آئی کاانٹراپارٹی الیکشن ملتوی،امیدواراورووٹرمایوس

پی ٹی آئی کاانٹراپارٹی الیکشن ملتوی،امیدواراورووٹرمایوس

  



لاہور( شہزاد ملک )عمران خان کی طرف سے انٹر پارٹی الیکشن کے التواء کا اعلان ہوتے ہی امیدواروں اور ووٹروں میں مایوسی پھیل گئی۔ ووٹر بددل ہو گئے ،جنون ٹوٹ گیا اورانتخابی گہما گہمی ختم دفاترمیں ویرانی چھا گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کرنے پر انٹرا پارٹی الیکشن لڑنے والے امیدواروں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے اور اس اعلان کی وجہ سے پی ٹی آئی کی انٹرا پارٹی الیکشن کی جاری ممبرسازی مہم بھی ختم ہو گئی ، پی ٹی آئی کے کارکنان ممبرسازی اور الیکشن مہم کو چھوڑ کر اب یوم تاسیس کی تیاریوں میں مصروف ہو گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان انٹرا پارٹی الیکشن کی وجہ سے اپنے اپنے حامیوں کو کامیاب کروانے کے لئے مختلف دھڑوں میں انتخابی مہم چلانے میں مصروف تھے اور اس سلسلے میں ایک دوسرے کی مخالفت میں بھی بہت آگے نکل چکے تھے لیکن چیئرمین عمران خان کی جانب سے پانامہ لیکس کے ایشو پر اچانک پارٹی انتخابات کو ملتوی کرنے کے اعلان پر ان امیداروں اور ان کے حامیوں میں بددلی پیدا ہو گئی ہے اور پی ٹی آئی میں اہم عہدے کی خواہش رکھنے والوں کی امیدیں بھی دم توڑ گئی ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اب الیکشن لڑنے والے امیدواروں نے اپنی ساری انتخابی تیاریوں کا رخ پارٹی کے اسلام آباد کے یوم تاسیس کو کامیاب بنانے کی طرف موڑ دیا ہے اور کارکنان سے کہا جارہا ہے کہ وہ ہر حال میں اسلام آباد پہنچیں ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ اول