پنجاب اسمبلی کے رولز آف بزنس کی تبدیلی شیڈو کابینہ کی تشکیل کیلئے دائر درخواست پرحکومت اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس
لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس مسعود جہانگیر نے پنجاب اسمبلی کے رولز آف بزنس کی تبدیلی اور پنجاب میں شیڈو کابینہ کی تشکیل کے لئے دائر درخواست پرحکومت پنجاب اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24مئی تک جواب طلب کر لیاہے۔ درخواست گزار محمودالرشید کے وکیل شیراز ذکا ء نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے موجودہ رولز آف بزنس کے تحت شیڈو کابینہ تشکیل نہیں کی جا سکتی۔شیڈو کابینہ کی تشکیل نہ ہونے سے صوبے کے حکومتی،نیم حکومتی اور خود مختار اداروں کی نگرانی کے لئے قائم پبلک اکاؤنٹس کمیٹیاں غیر فعال ہیں۔انہوں نے کہاکہ غیر فعال پبلک اکاؤنٹس کمیٹیوں کی بنا پر اداروں میں ہونے والی کرپشن،اختیارات کے ناجائز استعمال کو نہیں روکا جا سکتا جو کہ حکومتی خزانے پر بوجھ اور اداروں کی تباہی کے مترادف ہے۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹیوں کو فعال کرنے کے لئے برطانوی پارلیمانی نظام کی طرز پر پنجاب میں شیڈو کابینہ بنانے کے احکامات صادر کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے رولز آف بزنس میں مناسب ترامیم کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔