بیساکھی میلہ ،2ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کا واہگہ پہنچنے پر پرتپاک استقبال
لاہور(خصوصی رپورٹ) سکھ مذہب کے روایتی تہور ابیساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے 2ہزار سے زائد سکھ یاتری واہگہ ریلوے سٹیشن کے ذریعے پاکستان پہنچ گئے جہا ں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق ، پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے قائم مقام پردھان سردار تارا سنگھ نے انکا پھولوں کے ہار پہنا کر اور گلدستے پیش کر کے پر تپاک استقبال کیا جبکہ سردار منموہن سنگھ خالصہ ، سردار بشن سنگھ، بورڈ افسران خالد علی، عامر حسین ہاشمی، عمران خان، گلر یز چوہدری، یاسر اکرم سمیت دیگر انکے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر موجود میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین بور ڈ صدیق الفاروق نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور اسلامی وژن کے مطابق سکھ یاتریوں کی حفاظت ، استقبال، رہائش، قیا م و طعام، سفری و میڈیکل سمیت تما م سہولیات و انتظامات مکمل کیے گئے ہیں جو پچھلے سال کی نسبت اس بارزیادہ بہتر ہونگے تاکہ پاکستان دنیا بھر میں اقلیت نواز ملک کے نام سے پہچاناجائے اور یاتری یہاں سے محبت ، امن اور بھائی چارے کا پیغام لیکر واپس جائیں۔ انکا کہنا تھا کہ ہم تمام مذاہب اور ملکوں کی تقسیم سے بالاتر ہو کر انسانیت کے جذبے کے تحت اقلیتوں کی خدمت کر رہے ہیں۔اس موقع پر بھارت سے آئے سکھ پارٹی لیڈر سردار پریتم سنگھ نے کہا کہ دونوں ملکوں کا آپس میں پیار اور محبت کا رشتہ ہے ۔ ہم جب بھی پاکستان آئے، یہاں پر بہترین مہمان نوازی کی گئی، یہی وجہ ہے کہ یاتری یہاں سے واپس جانے کے بعد پاکستان سے ملنے والی عزت ، گوردواروں کی سکیورٹی، تزئین و آرائش کی بہت تعریف کر تے ہیں۔سردار چرن سنگھ نے کہا کہ ہمیں پاکستان آ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے اور ہم یہاں پر امن و محبت کے فروغ ، بھائی چارے اور دوستی کا پیغام لیکر آئے ہیں۔ پاکستان پہنچنے پر چیئرمین بور ڈ صدیق الفاروق اور دیگر افراد نے جس طرح ہمارا شاندار استقبال کر کے ہمیں عزت بخشی ہے وہ ہم حسین یادوں کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔ اس موقع پر سردار سورن سنگھ گل انڈیا نے کہا کہ پاکستا ن ہمارے گوروں کی دھرتی ہے اور ہمیں اس سے بہت پیار ہے ۔ حکومت پاکستان اور چیئرمین بورڈ نے ہماری سیکورٹی، رہائش ، کھانے ، سفری ، میڈیکل سمیت جو دیگر انتظامات کیے ہیں ہم ان پر انکے بے حد شکر گزار ہیں۔دریں اثناء چیئرمین بورڈ صدیق الفاروق نے ہیڈآفس میں ملازمین کی کھلی کچہر ی سے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں اور نہ ہی میں کسی ملازم کو بے روز گارہ نہیں کرونگا اور ملازمین کو میرٹ کی بنیاد پراپ گریڈ کرتے ہوئے ترقیاں دی جائیگی۔انہوں نے مزید کہا کہ سابق چیئرمین آصف ہاشمی نے بورڈ کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا اور ایجو کیشن ونگ جو ایک فلاحی ادارے کے زیرانتظام و انصرام تھا اس میں خلاف قانون بلاجواز ٹیچرز اور لا تعدا د دیگر سٹاف بھرتی کر کے ادارہ کو مالی و انتظامی مشکلات کا شکار کیا جو کسی طرح بھی قومی خدمت نہیں۔انکا کہنا تھا کہ تمام ملازمین پوری نیک نیتی اور ایمانداری سے اپناکام سر انجام د یں۔انکے تمام اہم مسائل جلد از جلد حل کیے جائینگے۔