نوجوان ملک کو آگے لے جانے کیلئے بڑی ڈرائیونگ فورس ثابت ہوگی: احسن اقبال

نوجوان ملک کو آگے لے جانے کیلئے بڑی ڈرائیونگ فورس ثابت ہوگی: احسن اقبال

  



لاہور( خبرنگار) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ 21 ویں صدی نالج اکانومی کی ہے ہمیں تعلیم و تدریس کے پرانے طریقے ترک کر کے طلباء و طالبات میں تنقیدی سوچ پیدا کرنے والے طریقے اپنانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی جنگیں کلاس رومز اور لیبارٹریوں سے لڑی جائیں گی میڈیا تعلیم کے شعبے میں کی گئی سرمایہ کاری اور ترقی کو اجاگر کرے ۔وہ پنجاب یونیورسٹی فیصل آڈیٹوریم میں طلباء و طالبات کی بڑی تعداد سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، ڈینز، صدور شعبہ جات، سینئر فیکلٹی ممبران اور طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت نوجوان ہیں انہیں اچھی تعلیم دیں گے تو ہماری یہ نسل ملک کو آگے لے جانے کے لئے سب سے بڑی ڈرائیونگ فورس ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں طلباء وطالبات میں مہارت پیدا کریں، عالمی معیار کی تحقیق کریں اور ریسرچ کے ساتھ صنعتوں کے ساتھ روابط کو فروغ دیں۔ سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور معاشرے سے انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے کام کریں۔۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ 48 ارب تھا جو بڑھا کر 78 ارب کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 20 ویں صدی سیاسی نظریات کی صدی تھی 21 ویں صدی میں ترقی کے اصول تبدیل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کے فرائض پاک فوج کے کور کمانڈرز بخوبی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانے والے کور کمانڈرز وائس چانسلرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاکستان کی تقدیر بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران 2017-18 تک ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی بحران پیدا ہوا تو پاکستان میں ہونے والی ساری سرمایہ کاری واپس چلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی رفتار دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ پروفیسر احسن اقبال کی خصوصی توجہ کے باعث سال 2014-15 میں پنجاب یونیورسٹی کے مختلف منصوبوں کے لئے 84 کروڑ روپے دئیے گئے تھے جس سے مختلف عمارتیں اور لیبارٹریاں قائم ہو رہی ہیں اور اب انہیں کی توجہ کے باعث پنجاب یونیورسٹی کو ماحولیات اور توانائی کے ایک منصوبے پرایک ارب روپے مل جائیں گے۔ قبل ازیں پروفیسر احسن اقبال نے نیو کیمپس میں حال ہی میں تعمیر کی گئی کلسٹر سنٹر کی عمارت کا افتتاح کیا اور سنٹر فار کول ٹیکنالوجی کا دورہ کیا۔

احسن اقبال

مزید : صفحہ آخر


loading...