کینیڈا پولیو پروگرام میں پاکستان کیلئے 40 ملین ڈالر امدادفراہم کریگا

کینیڈا پولیو پروگرام میں پاکستان کیلئے 40 ملین ڈالر امدادفراہم کریگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)کینیڈا اور پاکستان کے درمیان ایک معاہدے کے تحت کینیڈا پولیو پروگرام میں پاکستان کے لیے 40 ملین ڈالر امدادفراہم کریگا،یہ امداد جو WHO اور یونیسف کے ذریعے دی جائے گی ، اگلے تین سال کے لیے فراہم کی جائے گی۔ وزارت قومی صحت میں اس سلسلے میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت وزیر قومی صحت سائرہ افضل تار ڑ نے کی، جبکہ کینیڈا کی طرف سے پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر ہیتھر کروڈین نے شرکت کی۔ اور تقریب میں پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر قومی صحت نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کی مہم کامیابی سے جاری ہے اور پچھلی مہم میں تقریباً 3 کروڑ 70 لاکھ بچوں تک رسائی حاصل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے بچوں کی صحت اور ان کے مستقبل کا سو ال ہے اور اس سلسلے میں تمام تر وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کینیڈا کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے اقوام عالم کی مشترکہ کوششیں اس بات کی ضامن ہیں کہ دنیا سے جلد ہی پولیو کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک حکمت عملی کے تحت سیکورٹی اور بچوں تک رسائی کے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے اہداف حاصل کئے ہیں۔ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پورے ملک میں پولیو وائرس کی افزائش رک نہ جائے اور ہر بچہ اس مرض سے محفوظ نہ ہو جائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کینیڈا کی ہائی کمشنر نے کہا کہ حکومت کینیڈا اس انتہائی اہم اور نیک عمل میں پاکستان کو امداد فراہم کرتے ہوئے بہت خوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موذی مرض سے اس وقت تک کرہ ارض پر کوئی بچہ محفوظ نہیں جب تک اس کا مکمل طور پر خاتمہ نہ کر دیا جائے ۔ لہذا اس سلسلے میں اقوام عالم کی مقتدر کوششیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائیندے ڈاکٹر مشعل اور یونیسف کے نمائندہ انجیلا کرنی نے بھی خطاب کیا۔