سعودی عرب کے بعد چین نے بھی پانی پر سڑک بنانے کا اعلان کردیا

ماسکو (نیوز ڈیسک) سعودی عرب اور مصر کے درمیان پل کی تعمیر کا منصوبہ سامنے آیا تو چین اور روس نے بھی ایک ایسے ہی منصوبے کا اعلان کر دیا، جس کے تحت دونوں ممالک کی سرحد پر واقع دریا پر سڑک اور ریلوے لائن تعمیر کر کے دونوں ملکوں کو ملا دیا جائے گا۔ روسی ٹی وی RT کی رپورٹ کے مطابق چین اور روس نے سرحدی دریا آمور پر پل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے ذریعے دونوں ممالک کے دوران سڑک اور ریلوے ٹرانسپورٹ کا مختصر ترین براہ راست رابطہ قائم ہوجائے گا۔ یہ اہم پل دریائے آمور کے روسی کنارے پر واقعے شہر بلاگو ویشنسک اور دوسری جانب چینی کنارے پر واقعے شہر حیحی کو آپس میں ملائے گا۔ پل کی تعمیر دونوں اطراف سے بیک وقت شروع کی جائے گی۔ چین اپنی طرف سے تعمیر کا آغاز کرے گا جبکہ روس اپنی طرف سے تعمیر کا آغاز کرے گا اور دریا کے عین درمیان میں دونوں اطراف مل جائیں گی۔ تعمیر کا آغاز موسم گرما میں متوقع ہے جبکہ اسے تین سال کے عرصہ میں مکمل کرکے 2019ء میں دو طرفہ ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ اس منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 28کروڑ ڈالر (تقریباً 28 ارب پاکستانی روپے) لگایا گیا ہے۔ چین اور روس کے حکام اس منصوبے کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی انتہائی اہم کڑی قرار دے رہے ہیں۔ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت، اقتصادی ترقی، نئے صنعتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کا سبب بھی بنے گا۔