سندھ اسمبلی آغا سلیم کو خراج عقیدت کی قرارداد منظور
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ اسمبلی نے منگل کو ایک قرار داد اتفاق رائے سے منظور کر لی ، جس میں سندھ کے معروف ادیب ، شاعر ، ناول نگار اور ڈرامہ نگار آغا سلیم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا اور انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا ۔ قرار داد پیپلز پارٹی کے رکن سید سردار علی شاہ نے پیش کی تھی ۔ قرار داد میں کہا گیا کہ آغا سلیم کو ہمیشہ محبت اور احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا ۔ سید سردار علی شاہ نے قرار داد پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغا سلیم بہت بلند پایہ ادیب ، شاعر اور محقق تھے ۔ انہوں نے سندھ کی پوری تاریخ کو اپنے ایک شاہکار ناول میں بیان کیا ہے ۔ انہوں نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کی شاعری کا اردو اور انگریزی میں منظوم ترجمہ کیا ۔ ان کے انتقال سے آج سندھ سوگوار ہے ۔ قبل ازیں فاتحہ خوانی کے وقفہ کے دوران بھی ارکان نے آغا سلیم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ایسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں ۔