کراچی ،پارکنگ مافیا نے کنٹونمنٹ بورڈ کے احکامات کی دھجیاں اڑادیں

کراچی ،پارکنگ مافیا نے کنٹونمنٹ بورڈ کے احکامات کی دھجیاں اڑادیں

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) پارکنگ مافیا نے کنٹونمنٹ بورڈصدر کے احکامات کی دھجیاں اڑادیں ۔ راجہ غضنفر علی خان روڈ پینوراماسینٹر بلڈنگ نمبر 2کے سامنے کنٹونمنٹ بورڈکی جانب سے بلامعاوضہ پارکنگ کے بورڈ سے ’’بلامعاوضہ‘‘ کا لفظ رنگ سے مٹادیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق صدر کنٹونمنٹ بورڈ کی حدود میں راجہ غضنفر علی خان روڈ پینوراماسینٹر بلڈنگ نمبر 2کے سامنے گزشتہ کافی عرصے سے غیر قانونی پارکنگ چلائی جارہی تھی ۔شہریوں کی جانب سے متعدد بار شکایات اور اخبارات میں خبروں کی اشاعت کے بعد کنٹونمنٹ بورڈ صدر نے گزشتہ روز پارکنگ کی جگہ کو بلاومعاضہ قرار دیتے ہوئے ’’بلامعاوضہ پارکنگ ،کے سی بی‘‘ کا بورڈ آویزاں کردیاتھا ۔کنٹونمنٹ بورڈ کے اس فیصلے پر شہریوں نے سکھ کاسانس لیتے ہوئے مذکورہ فیصلے کو خوش آئند قرار دیا تھا ۔تاہم اگلے روز ہی شہریوں کو اس وقت شدید حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب پارکنگ مافیا نے کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے آویزاں کیے گئے بورڈ پر پہلے تو پردے ڈال دیئے اور بعد ازاں بورڈ پر تحریر کیے گئے ’’بلامعاوضہ‘‘کے الفاظ کو نیلے رنگ سے مٹادیا ۔ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس عبداللہ ہارون کے اہلکار اور پارکنگ مافیا کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔پارکنگ کے آلہ کار ٹریفک پولیس اہلکاروں کی مدد سے شہریوں کی گاڑیوں کو اٹھوادیتے ہیں اور بعد ازاں شہریوں سے رشوت لی جاتی ہے ۔شہریوں نے کنٹونمنٹ بورڈ اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور پارکنگ مافیا کی جانب سے فری پارکنگ کو ایک مرتبہ پھر غیر قانونی چارجڈ پارکنگ بنانے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...