وزیراعظم نواز شریف سینئر وزرا ، سیکرٹریز کو ہدایات جاری کرکے علاج کیلئے لندن روانہ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف علاج کیلئے لندن روانہ ہوگئے ہیں ، ایئرپورٹ پر نواز شریف نے سینئر وزرا اور سیکرٹریز کو نظام حکومت چلانے کیلئے ہدایات جاری کیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پہنچے جہاں انہوں نے لندن روانگی سے قبل ایئرپورٹ پرایک اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں وزیراعظم نے سینئر وزرا، پرنسپل سیکرٹری اور چیف سیکرٹری کو خصوصی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ علاج کیلئے لندن جارہاہوں اور چار سے پانچ روز میں واپس آجاؤں گا۔ اجلاس کے بعد وزیر اعظم ایک خصوصی طیارے سے علاج کیلئے لندن روانہ ہوگئےجس میں ان کی اہلیہ کلثوم نواز، ان کے بیٹے حسن نواز اور ان کی فیملی بھی سوار ہے ۔ لاہور سے روانگی کے بعد وزیر اعظم کا طیارہ کچھ دیر کیلئے ماسکو کے ایئرپورٹ پر ایندھن کے حصول کیلئے رکے گا۔
واضح رہے کہ منگل کے روز وزیر اعظم کے دورہ لندن کے حوالے سے خبر آئی تھی اور قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ پاناما لیکس کے حوالے سے وہ سابق صدر آصف علی زرداری سے ملنے لندن جارہے ہیں اس خبر کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کے بیان سے تقویب ملی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ علاج تو بس ایک بہانہ ہے دراصل وزیر اعظم لندن میں سابق صدر کے گھٹنے چھونے جارہے ہیں جس کے بعد ترجمان وزیر اعظم نے ایک بیان میں دونوں رہنماوں کی لندن میں ملاقات کی تردید کردی۔