پی ایس او کا مالی بحران سنگین، پاور سیکٹر سے واجبات کے 70 ارب روپے طلب

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پی ایس او کا مالی بحران سنگین ہونے پر پاور سیکٹرسے واجبات میں سے 70 ارب روپے طلب کرلیے گئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے پی ایس او ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل سپلائرز اور مقامی ریفائنریز کو پی ایس اونے 46 ارب روپے اداکرنے ہیں جس کی وجہ سے پی ایس او نے پاورسیکٹرز سے واجبات میں سے 70 ارب روپے طلب کرلیے ہیں۔ پی ایس او ذرائع کا کہنا ہے کہ صرف پاور سیکٹر کے واجبات 203 ارب روپے سے بھی تجاوز کرگئے ہیں جبکہ پی ایس او کے مجموعی واجبات 235 ارب 60 کروڑ روپے ہوگئے ہیں ۔ ایس ایس جی سی نے پی ایس او کو ایل این جی کی مد میں 9 ارب 40 کروڑ دینے ہیں اور پی آئی اے کے واجبات بھی بڑھ کر 13 ارب 50 کروڑ روپے تک جا پہنچے ہیں۔