پنجاب کا وہ علاقہ جہاں پاک فوج نے فضائی کارروائی کا فیصلہ کرلیا، تیاریاں مکمل

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) راجن پور میں کچے کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے اور اب 10کلومیٹر پر محیط علاقے میں گینگسٹرزکے خلا ف فضائی کارروائی کی منظوری دیدی گئی ہے ۔
روزنامہ ’ڈان‘ کے مطابق راجن پورپولیس نے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا سے فضائی کارروائی کیلئے دوملٹری ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کی تھی جبکہ جرائم پیشہ عناصر کو فضائی کارروائی سے قبل خود کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کرنے کی بھی پیشکش کی ۔ سینئر پولیس افسر نے نئی پیش رفت سے متعلق بتایاکہ اجتماعی نقصان سے بچنے کیلئے وقتی طورپر سیکیورٹی فورسز نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زمینی آپریشن روکدیاہے ، علاقے کو خواتین ، بچوں اور دیگر لوگوں سے خالی کرانے کیلئے آخری اعلانات کردیئے گئے ہیں ، جرائم پیشہ عناصر کے خاندانوں سمیت سینکڑوں لوگ سندھ اور بلوچستان کی سرحدپر موجود اس علاقے میں کئی عشروں سے رہ رہے ہیں ۔
حکام کے حوالے سے بتایاگیاکہ پولیس ، رینجرز ، ایلیٹ فورس کمانڈوز اور کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار ’ضرب آہن‘نامی اس آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں ۔ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے بہاولپوراور ڈیرہ غازی خان کے ڈی پی اوز اور سینئر رینجرز حکام کیساتھ آپریشن کی حکمت عملی کا جائزہ لینے کے لیے فرنٹ لائن چیک پوسٹوں کا دورہ کیا ۔
آئی جی پنجاب کا کہناتھاکہ رینجرز کی طرف سے مارٹر حملوں کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بڑی مدد ملی ، معاشرے میں ’برائی پھیلانے والے عناصر‘کیخلاف کارروائی حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہے اور سیکیورٹی فورسز جلدہی ان کا خاتمہ کردیں گی۔