نوازشریف طبی معائنے کیلئے لندن گئے ،ایجنڈے میں کوئی اورچیزشامل نہیں : رانا ثنا اللہ خان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ نوازشریف طبی معائنے کیلئے لندن گئے ہیں ، ان کے ایجنڈے میں کوئی اورچیزشامل نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی لندن میں کسی سے ملاقات طے نہیں ہے اب ڈاکٹرز طے کریں گے کہ علاج کتنے دن میں ہوگا۔ عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ہم تمہاے دھرنے کے منتظر ہیں، اپنی زبان پر قائم رہیں اور 24 اپریل کو رائیونڈ کا گھیراؤ کریں۔ عمران خان کی پارٹی کا باجا بج چکا ہے اوران کی سیاست رائیونڈ کے کھیتوں میں دفن ہوگی کیونکہ وہ پنجاب کی روایات سے واقف نہیں ہیں۔
پاناما لیکس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دعویٰ کرتاہوں پاناما لیکس میں کچھ بھی ثابت نہیں ہوگا ساری افراتفری کا مقصد ملک میں عدم استحکام پیداکرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کا بیان بہت واضح ہے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ پاکستان کو تباہی کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے۔