قومی اسمبلی میں الیکٹرانک جرائم کے تدارک کا بل منظور
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی نے الیکٹرانک جرائم کے تدارک کے بل 2016 کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکٹرانک جرائم کے تدارک کا بل وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے پیش کیا۔ بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی یا نفرت انگیز تقریر کی معاونت پر 5 سال قید یا 1 کروڑ روپے جرمانہ ہوگا جبکہ کسی شخص کی عزت و وقار کے خلاف جرائم پر 3 سال قید ہوگی۔ بل میں کہا گیا ہے کہ سم کارڈ کے غیرمجاز اجرا پر 3 سال قیدیا 5 لاکھ روپے جرمانہ اور مواصلاتی آلات میں ردو بدل کرنے پر 3 سال قید یا 10 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ بل کی منظوری کے بعد معلوماتی اعدادو شمار میں مداخلت کرنے پر 2 سال قیدیا 5 لاکھ روپے جرمانہ،بغیر اجازت اعدادوشمار نقل کرنے پر 6 ماہ قیدیا ایک لاکھ روپے جرمانہ ، معلوماتی نظام یا ڈیٹا تک غیر قانونی رسائی پر 3 ماہ قید یا 50 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔
بل میں واضح کیا گیا ہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں یا سروسز کی سرگرمیوں پر اس بل کا اطلاق نہیں ہوگا۔