بلاول بھٹو کی زیر صدارت اجلاس میں پارٹی کی تنظیم نو کافیصلہ،صوبائی اور ذیلی کمیٹیاں تحلیل کر دی گئیں:قمرالزمان قائرہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان قائرہ نے کہاہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس میں پارٹی کی تنظیم نو کافیصلہ کیا گیاہے اور اس حوالے سے صوبوں اور ذیلی کمیٹیاں تحلیل کر دی گئیں ہیں ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمرالزمان قائرہ نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس دوران پانامہ پیپرز کے معاملے پر غور کیا گیاہے اور اس حوالے سے دو کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں ۔ایک کمیٹی اپوزیشن جماعتوں سے مشاور ت کرے گی جبکہ دوسری کمیٹی پاناما پیپرز سے متعلق قانونی معاملات کا جائزہ لے گی ۔ان کا کہناتھا کہ پارلیمانی کمیٹی میں خورشیدشاہ ،اعتزاز احسن،سعید غنی اور اعجاز جاکھررانی شامل ہیںجبکہ قانونی کمیٹی میں فاروق ایچ نائیک ،اعتزاز احسن ،نیر بخاری اور لطیف کھوسہ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پانامہ پیپرز پر اپوزیشن جماعتوں سے مشاور ت کے بعد حکمت عملی طے کرے گی ۔
ا ن کا کہناتھا کہ بلاول بھٹوزرداری کی زیر صدارت اجلاس میں پارٹی کی تنظیم نو کافیصلہ کیا گیاہے اور اس لیے صوبائی اور ذیلی تنظیمیں توڑ دی گئی ہیں ۔قائم مقام کے طور پر ہر صوبے میں پانچ پانچ ارکان پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے گی جو کہ پارٹی امور چلائے گی اور بہت جلد چیئرمین صوبائی اور ضلعی تنظیموں کا اعلان کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی کمیٹیاں فعال رہیں گی ۔