برطانوی حکومت نے عمران فاروق قتل کیس میں پاکستان سے قانونی مدد مانگی :چوہدری نثار
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارنے کہا ہے کہ برطانوی حکومت نے عمران فاروق قتل کیس میں پاکستان سے قانونی مدد مانگی ہے اور اس کیس میں تفتیش کے لیے ایک اور ٹیم بھیجنے کی آج درخواست دی ہے ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ برطانوی حکومت نئی ٹیم کے ذریعے منی لانڈرنگ معاملے پر تفتیش چاہتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرفراز مرچنٹ کے بیان کی روشنی میں جے آئی ٹی بنادی گئی ہے اور جے آئی ٹی کے ٹی او آرز کے تحت سرفراز مرچنٹ سے دوبارہ تفتیش کی جائے گی ۔چوہدری نثار نے کہا کہ بھارتی جاسوس کا مسئلہ پس منظر میں نہیں جانے دیں گے ،ایران کی طرف سے جواب آنے کے بعد ”را“ایجنٹ کے معاملے پر پیش رفت ہوگی اس مسئلے کو بیگ راﺅنڈ میں نہیںجانے دیں گے ۔