پانامہ لیکس کی تحقیقاتی کمیشن کی سربراہی کے لئے 5 ججوں نے معذرت کی:چوہدری نثار علی خان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقاتی کمیشن کی سربراہی کے لئے پانچ ججز نے معذرت کی دیگر ججز سے رابطے جاری ہیں ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے کمیشن کی سربراہی کوئی سابق چیف جسٹس کریں، میں نے سپریم کورٹ کے پانچ ججوں جسٹس ناصرالملک ، جسٹس تصدق حسین جیلانی ، جسٹس امیر الملک مینگل ، جسٹس سائر علی اور جسٹس تنویر خان سے رابطہ کیا ،لیکن کچھ لوگوں نے کمیشن کے معاملے پر طوفان بدتمیزی برپا کیا ،جس پران ججوں میں سے کسی نے دو دن ،کسی نے چند گھنٹوں کا وقت مانگا اور پھر بغیر وجہ بتائے معذرت کر لی، ہم مزید ججوں سے بھی رابطے میں ہیں ، جنہوں نے وقت مانگا ہوا ہے،تاہم ابھی ان کے نام نہیں بتا سکتا ۔چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ہم نے جعلی کمیشن بنانا ہوتا تو اس طرح کے ہائی لیول کے ججز سے رابطے کی ضرورت نہیں تھی ۔