پاکستان ’خالی ‘ ہوگیا کیا آپ کو ایسا پاکستان پسند ہے؟

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم نوازشریف اور صدر ممنون حسین سمیت دیگر کئی اہم شخصیات ملک سے باہر ہیں جبکہ کچھ بیرون ملک جانے کی تیاری کر رہی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف ہارٹ بیٹ میں مسئلہ ہونے کی وجہ سے لندن علاج کروانے کیلئے پہنچ گئے ہیں جبکہ عمران خان بھی 17تاریخ کو لندن جانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ان کے ساتھ ساتھ وزیر داخلہ چوہدری نثار اہلیہ کے علاج کیلئے جرمنی جائیں گے۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری بھی اس وقت برطانیہ میں موجود ہیں ۔
صدر مملکت ممنون حسین بھی او آئی سی کے اجلاس کے حوالے سے ترکی میں تین روزہ دورے پر موجود ہیں جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری کافی عرصہ سے بیرون ملک ہیں ۔نوازشریف اور آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات کے حوالے سے خبریں بھی میڈیا میں آئیں لیکن دونوں جانب سے اس کی تردید کر دی گئی کہ دونوں کے درمیان کوئی ملاقات شیڈول نہیں ہے اور اس کا امکان بھی نہیں ہے ۔
واضح رہے کہ پاناما لیکس معاملے پر ملک میں سیاسی صورتحال ایک نیا رخ اختیار کر چکی ہے اور عمران خان تو رائے ونڈ کا گھیراﺅ کرنے کا بھی اعلان کر چکے اور انہوں نے اس حوالے سے سیاسی جماعتوں سے رابطے بھی شروع کر دیئے ہیں ۔چوہدری نثار پاناما لیکس کے معاملے پر عمرا ن خان کو ایف آئی اے افسر کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن بنانے کی پیشکش کر چکے ہیں ۔