بچوں سے زیادتی جیسے واقعات میں اضافہ تشویش ناک ہے ، مراد راس
لاہور (نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات اور رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے بچوں سے زیادتی کے واقعات میں اضافہ کے خلاف ایک قرارداد پنجاب اسمبلی جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ بچوں کے ساتھ جنسی جرائم کی روک تھام کے لئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کے ساتھ ساتھ سخت قوانین بنائے پہلے سے موجود قانون اتنے ڈھیلے ڈھالے ہیں کہ بخوبی دونوں طرف استعمال ہو سکتے ہیں۔ پنجاب کا وزیر قانون اس صورت حال کو نمٹانے کے لئے متحرک ہونے کی بجائے خواب غفلت کی نیند سو رہا ہے
جس کی وجہ سے پنجاب میں پولیس کی کاروائیاں کاغذوں تک محدود ہے تھانوں میں ایس ایچ اوز کی تعیناتیوں کے لئے قانون اور ضابطے کو پس پشت ڈالا جا رہا ہے پولیس ایکٹ میں نئے سرے سے جائزہ کی ضرورت ہے جس کے تحت تفتیش کا دائرہ بچوں سے ہونے والے جنسی جرائم کے سہولت کاروں تک وسیع کیا جائے۔ بچوں سے جنسی جرائم ہونے والے ڈیٹا بیس کو تکنیکی طور پر استوار کیا جائے بچوں کی پورنو گرافی اور دیگر جرائم کو روکنے کیلئے بین الاقوامی طور پر اقدام کئے جائیں اور تفیش کا دائرہ کار سائنٹیفک طور پر اور فرانزک طور پر تمام اسباب عمل میں لائے جائیں۔ بچوں کا ایک ادارہ قائم کیا جائے جہاں تمام ڈیٹا بیس اور ایسی گنجائش رکھی جائے کہ فوری طور پر تمام پاکستان میں بچوں سے ہونے والے جنسی جرائم کی شرح اور ان میں اضافہ اور کمی کے بارے میں اطلاعات ہوں۔ ایسے بچوں کے بارے میں بھی اطلاعات ہوں جو والدین کی غفلت کا شکار ہوں یا پھر کسی بھی شخص کے جسمانی تشدد کا شکار ہوں۔