گریٹر اقبال پارک میں توڑ پھوڑ ، جماعت اسلامی ، تحریک لبیک کو نوٹس جاری

گریٹر اقبال پارک میں توڑ پھوڑ ، جماعت اسلامی ، تحریک لبیک کو نوٹس جاری

لاہور(جاوید اقبال)پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے گریٹر اقبال پارک اور مصنوعی جھیل میں توڑ پھوڑ اور لاکھوں روپے مالیت کی قیمتی ڈیجیٹل الیکٹریکل لائٹس کو برباد کرنے کا نوٹس لے لیا ہے اور اس سلسلے میں توڑ پھوڑ کرنے والے جماعت اسلامی اور تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہان کو نوٹسز بھجوا دیے گئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں جماعتوں کے کارکنان زبردستی پارک اور مصنوعی جھیل میں گھس گئے اور مصنوعی جھیل میں لگائی گئی لاکھوں روپے مالیت کی 20 یجیٹل الیکٹریکل لائٹس توڑ دی گئیں۔کشتیاں زبردستی چھین کر دونوں جماعتوں کے کارکنان جھیل کے اندر داخل ہو گئے بنچ اور جنگلے توڑ دیے گئے حال ہی میں مکمل ہونے والے پاکستان کے پہلے نیشنل ہسٹوریکل میوزیم کو بھی نقصان پہنچایا گیا لہٰذا دونوں جماعتیں نقصان پورا کریں۔ذرائع کے مطابق نقصان کا تخمینہ پانچ کروڑ کے لگ بھگ لگایا گیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ اتوار کو جماعت اسلامی یوتھ ونگ جبکہ مختلف دنوں میں تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سینکڑوں نوجوان گریٹر اقبال پارک میں زبردستی گھس گئے اس دوران انہوں نے توڑ پھوڑ کی اور کروڑوں روپے کا قومی نقصان کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پر پروجیکٹ ڈائریکٹر گریٹڑ اقبال پارک نے ڈی جی پی ایچ اے میاں شکیل احمد کو تحریری شکایت کی جس میں کہا گیا کہ مذکورہ جماعتوں کے کارکنان نے حال ہی میں بنا گریٹر اقبال پارک اور اس کے اندر بنائی گئی مصنوعی جھیل اور نیشنل میوزیم میں توڑ پھوڑ کی قیمتی ساز و سامان کو نقصان پہنچایا قیمتی لائٹس جو مرمت نہیں ہو سکتی جن کی تعداد20 کے قریب ہے انہیں بھی توڑ دیا اس دوران نوجوانوں نے ڈیوڈی پر موجود گارڈز کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور زبردستی بوٹس کو چھین لیا اور خود جھیل میں چلاتے رہے جو بوٹس نہ چلیں انہیں توڑا گیا ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی نے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے ڈائریکٹڑ انجینئرنگ اور پروجیکٹ ڈائریکٹر کی سربراہی میں ٹیکنیکل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں نقصان کا تخمینہ پانچ کروڑ لگایا ہے اس سلسلے میں ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موقع پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی دونوں جماعتوں کے ورکرز نے نقصان پہنچایا ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں پر نقصان کو مساوی بانٹ کر رقم ادا کرنے کا کہا گیا ہے اس سلسلے میں ڈی جی پی ایچ اے میاں شکیل سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے ٹیکنیکل افسروں پر مشتمل کمیٹی بنا دی گئی ہے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کریں گے اور جتنا نقصان ہوا وہ بھی پورا کیا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1