بلدیاتی نمائندوں کو مزید اختیارات ، سفار شات وزیراعلٰی کو ارسال

بلدیاتی نمائندوں کو مزید اختیارات ، سفار شات وزیراعلٰی کو ارسال

لاہور(دیبا مرزا سے) لاہور کے ڈپٹی مئیرز کو مزید اختیارات دینے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے لاہور سمیت پنجاب بھر کی یونین کونسلوں کے چیئرمینوں ‘ وائس چیئرمینوں اور کونسلرز کو بھی مزید اختیارات دینے کے حوالے سے غورشروع کردیا ہے اور اس ضمن میں ان چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں سے مذاکرت کرنے والی حکومتی ٹیم نے اپنی سفارشات مرتب کرکے بلدیات کے وزیر منشاء اللہ بٹ کو دیدی ہیں جنہوں نے ان سفارشات کو حتمی منظوری کے لئے وزیراعلی کو پیش کردیا ہے امکان ہے کہ اس کا جلد ہی باقاعدہ نوٹفکیشن بھی ہو جائے گا۔ذرائع نے ’’ پاکستان‘‘ کو بتایا ہے کہ لاہور کی مختلف یونین کونسلوں اور پنجاب کے مختلف اضلاع سے آکر لاہور میں احتجاج کرنیو الے چیئرمینوں وائس چیئرمینوں اور کونسلرز کے مطالبات پر مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سنجیدگی کے ساتھ نہ صرف غور شروع کردیا ہے بلکہ انہیں حتمی شکل بھی دینا شروع کردی ہے ۔ذرائع کے مطابق اس سلسلے کی پہلی ایک کڑی ڈپٹی مئیرز کو اختیارات دینا ہے کیونکہ ڈپٹی مئیرز بھی ضلعی اسمبلی کے ہر اجلاس میں لارڈ مئیر سے اپنے لئے اختیارات مانگتے تھے جنہوں نے ان کے مطالبات کو صوبائی وزیر بلدیات منشاء اللہ بٹ تک پہنچایا اور انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی مئیرز کو اختیارات دینے کا باقاعدہ ایک نوٹفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے بعد ان مین خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی ہے اور حکومت کے اس فیصلے کے بعد چیئرمینوں وائس چیئرمینوں اور کونسلرز میں بھی خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ حکومت کی مدت پوری ہونے سے قبل ہی انہیں بھی اختیارات مل جائیں گے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1