موبائل کمپنیوں ، ٹی وی پروگرامز میں انعامات کا فراڈ ، 14اپریل تک رپورٹ طلب

موبائل کمپنیوں ، ٹی وی پروگرامز میں انعامات کا فراڈ ، 14اپریل تک رپورٹ طلب

  

لاہور(نامہ نگار)موبائل فون کمپنیوں اور ٹی وی پروگرامز میں 5،5لاکھ کا انعام نکلنے کا جھانسہ دے کر ایزی پیسہ کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی،عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر سے 14اپریل تک رپورٹ طلب کر لی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج رفاقت علی گوندل کی عدالت میں ملزم اشرف علی اور نعیم خان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کررکھاہے،مقدمہ کے مطابق ملزمان سے 113سم کارڈز برآمد ہوئے ،ملزمان مختلف موبائل فون کمپنیوں اور مشہور ٹی وی پروگرامز کی انعامی سکیموں کا نام لے کر شہریوں کو لوٹتے تھے۔ ملزمان شہریوں کوکہتے کہ ان کا 5لاکھ کا انعام نکلا ہے اور انعام وصول کرنے کے لئے فیس کی ادائیگی کریں، اس طرح ہر شہری سے 20 ہزار سے 50ہزار تک رقم لوٹ لیتے، ملزمان نے مجموعی طور پر کروڑوں روپے کا فراڈ کیا جبکہ ملزمان کے 5ساتھی ابھی مفرور ہیں۔

مزید :

علاقائی -