انڈسٹری اور سڑکیں آمروں کے دور میں بھی بنیں مگر بھٹو نے عوام کو قوم بنایا ‘ کائرہ

انڈسٹری اور سڑکیں آمروں کے دور میں بھی بنیں مگر بھٹو نے عوام کو قوم بنایا ‘ ...

  

لاہور ( این این آئی) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سڑکیں اور صنعتیں آمروں کے دور میں بھی بنیں مگر بھٹو نے ملک کے عوام کو قوم بنایا،اگلی باری زرداری کی ہے اور نواز شریف کی باری تو اب اڈیالہ جانے کی ہے جہاں بھائی صفائی کروا رہا ہے ،میثاق جمہوریت یہ نہیں تھا کہ ایک دوسرے کو بچائیں گے ،اپنی باری آئی تو یاد آگیاکہ عدالتوں کے ریفارمز کرو،ایمنسٹی سکیم اپنے کالے دھن کو سفید کرنے کیلئے لائے ہیں۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھٹو کی اس برسی پر فیصلہ کیا گیا کہ لاڑکانہ میں شرکت کے علاوہ ہر ڈویژن میں بھٹو شہید سیمینار منعقد کئے جائیں گے،مجھ سمیت کئی لوگوں کو یہ احساس شاید نہ ہو لیکن وہ کسان ، غریب ، بدحال اور بزرگ جن کو بھٹو نے شعور دیا کہ تمہارا بھی اس ملک پر اتنا ہی حق ہے جتنا طاقت ور کا ہے وہ بخوبی جانتے ہیں کہ جب فوج ، قوم اور پورا پاکستان ہارا ہوا تھا ملک ختم ہونے والا تھا اُس وقت بھٹو نے ایٹم بم دے کر پوری دنیا کو بتایا کہ ہم خود مختار قوم ہیں ،سڑکیں اور انڈسٹری آمروں کے دور میں بھی بنیں مگر بھٹو نے اس ملک کے عوام کو قوم بنایا،ترقی ضیاء الحق کے دور میں بڑی آئی لیکن غربت کیوں ختم نہیں ہوئی ، یہ ختم کرنا بھٹو اور اس کی شہید بیٹی کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کی بات کرنے والا نواز شریف ساری عمر ووٹ کی ذلت کرتا رہا ،میثاق جمہوریت یہ نہیں تھا کہ ایک دوسرے کو بچائیں گے ،میثاق جمہوریت میں تھا کہ اٹھارویں ترمیم ،صوبوں کو حقوق ، اختیارات کی تقسیم عدالتوں کے ریفارمز جس کی آپ نے ہی مخالفت کی،اپنی باری آئی تو یاد آگیا عدالتوں کے ریفارمز کرو،اگلی باری زرداری کی ہے اور نواز شریف کی باری تو اڈیا لہ جانے کی ہے جو کرنا ہے ابھی کرو۔ اڈیالہ جیل میں تو صفائیاں بھی بھائی کیلئے شہباز شریف ہی کروا رہا ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم اپنے کالے دھن کو سفید کرنے کیلئے لائے ہیں۔ملک جس نازک صورتحال سے گزر رہا ہے بھٹو کا نواسہ اور بی بی کا بیٹا اس کو اس صورتحال سے نکالے گا ۔

مزید :

صفحہ آخر -