چند روز میں اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ پرآپریشن شروع ہو گا،سردار مہتاب

چند روز میں اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ پرآپریشن شروع ہو گا،سردار مہتاب

  

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان نے نیو انٹر نیشنل اسلام آباد ایئر پورٹ پر پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او ) اور اٹک آئل ریفا ئنری (پی اے ایل ) کے اشتراک سے" جیٹ فیول فارم فیسیلٹی " کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ چند روز میں نیو انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر قومی و بین الاقوامی پروازوں کا آپریشن کاقاعدہ شروع ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا جہاز اے 380 بھی نیو ایئر پورٹ پرباآسانی لینڈ کرسکے گا۔ نیو انٹر نیشنل ایئر پورٹ پاکستان کا پہلا گرین فیلڈ ایئر پورٹ ہوگا۔ انہوں نے کہا ‘پی ایس او پاکستان کی معشیت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اس موقع پرایڈیشنل ڈی جی سول ایوی ایشن فیض الرحمان ‘پی ایس او کے سی ای او ‘پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او ) کے ایم ڈی انعام الحق ‘پاکستان اٹک آئل (پی اے ایل) کے گروپ چیف ایگزیکٹو شعیب انور ملک‘سول ایوی ایشن ‘پی ایس او اورپی اے ایل کے حکام موجود تھے ۔سردار مہتاب احمد خان نے جیٹ فیول فارم فیسلٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 12ایکڑ رقبے پر محیط فیول فارم ایوی ایشن فیول کے حصول، ذخیرے، فلٹرنگ، پمپنگ اور ٹیسٹنگ کے جے آئی جی ، این ایف پی اے ، اے پی آئی اور سی اے اے سمیت مقامی و بین الاقوامی معیارات کے عین مطابق تعمیر کیا گیاہے ۔یہ فیول فارم پاکستان کے9 بڑے ہوائی اڈوں پر خدمات انجام دینے والی اور ہوابازی کی صنعت کو فیول کی فراہمی میں پینتیس سال سے زائد تجربے کی حامل ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی پاکستان اسٹیٹ آئل نے اسٹوریج انفراسٹرکچر کی تیار ی اور پیٹرولیم مصنوعات کی لین دین اور نقل و حمل کے تجربے کی حامل جدید کمپنی اٹک پیٹرولیم لمیٹڈ (اے پی ایل) کے تعاون سے قائم کی ہے۔ ۔ حفاظتی انٹرلاک ، خود کار ڈی ٹیکشن اینڈ ریسپانس اور معیار کو یقینی بنانے والے خود کار اور جدید ترین ری فیولنگ نظام پر مشتمل فیول فارم نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ہائیڈرنٹ ری فیولنگ نظام کو مدد فراہم کرتا ہے۔ یہ ہائیڈرنٹ ری فیولنگ نظام پاکستان کاسب سے بڑا ائیرپورٹ ری فیولنگ نظام ہے جو 14انچ قطر کی 55ہائیڈرنٹ پٹس پر مشتمل 14کلومیٹر طویل ہائیڈرنٹ لائن پر مشتمل ہے جو چوبیس گھنٹے ہوائی جہازوں کو فیول فراہم کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ اس نظام کی موثرکارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے 3عمودی اے پی آئی 650معیار کے حامل ٹینکوں ، ایک 3600یو ایس جی پی ایم پراڈکٹ پمپنگ سسٹم اور 8ہائیڈرنٹ سروسرز والے جدید ترین ری فیولنگ آلات پر مشتمل دس ہزارمیٹرک ٹن ذخیرے کی صلاحیت کے حامل چھے سویوایس جی پی ایم پمپ نصب کیے گئے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -