امریکہ سے زہریلے بیجوں کی درآمد پر پابندی کیلئے درخواست دائر
لاہور(نامہ نگار خصوصی ) پاکستان میں امریکہ سے درآمد ہونے والے فصلوں کے زہریلے بیجوں کی خرید و فروخت اور درآمد پر پابندی عائد کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں دائرآئینی پٹیشن کی جلد سماعت کے لئے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔یہ متفرق درخواست وطن پارٹی کے بیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ فصلوں کے لئے امریکہ سے درآمد کئے جانے والے بیجوں پر زہریلے کیمیکل پاکستانیوں کی صحت کی بربادی اور زرخیز زمینوں کو بنجر کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔کیمیکل شدہ بیجوں کی درآمد کے حوالے سے قانون سازی کی عدم موجودگی کی وجہ سے کینسر کی بیماری عام ہو رہی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ امریکہ سے برآمد ہونے والے فصلوں کے زہریلے بیجوں کی خریدوفروخت اور درآمد پر پابندی عائد کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں،متفرق درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر اس کیس کی جلد سماعت کی جائے۔