امریکہ نے جنگی بیڑا، برطانیہ نے آبدو ز شام روانہ کر دی ، روس بھی تیار
واشنگٹن (صباح نیوز) امریکہ نے جدید ترین جنگی بحری بیڑا جبکہ برطانیہ نے آبدوز شام کی طرف روانہ کر دی ہے ،روس نے شام میں امریکی حملے کی صورت میں بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شام کے شہر دوما میں مبینہ کیمیائی حملے کے بعد علاقے میں بڑی جنگ کے بادل منڈلانے لگے امریکہ کا جدید ترین جنگی بحری بیڑاشام کی جانب روانہ کر دیا گیا اورادھر برطانوی وزیراعظم تھریسامے بھی فوجی کارروائی کیلئے تیار ہیں۔ وہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر ہی حملوں کی منظوری دے سکتی ہیں ا روس نے شام میں امریکی حملے کی صورت میں بھرپور جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں روسی مندوب وسیلی نیبینزیا نے خبردار کیا ہے کہ شام کی جانب آنے والے امریکی میزائلوں کو مار گرایا جائے گا۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اسرائیلی وزیراعظم کو ٹیلیفون کیا اور اسرائیل کو شام میں مداخلت سے بازرہنے کی ہدایت کی۔شامی فورسز فوجی اور ہوائی اڈے تیزی سے خالی کرنے لگی ہیں،شامی صدر بشار الاسد کی حامی فورسز فوجی اور ہوائی اڈے تیزی سے خالی کر رہی ہیں۔لندن میں قائم شام پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ایسا امر یکہ کے ممکنہ میزائل حملوں کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی میزائل بہت جلدپہنچ رہے ہیں۔شامی فوج کی طرف سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔