گلوکارہ ثمینہ سندھوکو قتل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا،وزیر داخلہ سندھ

گلوکارہ ثمینہ سندھوکو قتل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا،وزیر داخلہ سندھ

لاڑکانہ (مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے گلوکارہ ثمینہ سندھو کے قاتل کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔گزشتہ روز سامنے آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ لاڑکانہ کے قریب گوٹھ کنگا میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران بعض تماشائیوں نے اچانک فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں رقاصہ ثمینہ سندھو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی تھی۔تاہم مقامی ذرائع کے مطابق گلوکارہ ثمینہ سندھو ایک سندھی گیت گا رہی تھی، گیت سنتے سنتے تقریب میں موجود ایک شخص نے گن پوائنٹ پر گلوکارہ سے رقص کا مطالبہ کیا لیکن گلوکارہ نے رقص سے انکار کردیا جس پر اس شخص نے گلوکارہ پر 3 گولیاں برسا دیں اور اس کے نتیجے میں ثمینہ سندھو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔مقتولہ کے شوہر کا کہنا ہے کہ ثمینہ سندھو حاملہ تھی اور یہ دوہرا قتل ہے۔ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ کے مطابق ثمینہ سندھو کے قتل میں ملوث شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جس کی شناخت طارق جتوئی کے نام سے ہوئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کا مقدمہ دفعہ 302 کے تحت کنگا تھانے میں درج کیا جاچکا ہے جب کہ گرفتار ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سہیل انور سیال نے کہا کہ مقتولہ کے شوہر کے بیان کے مطابق مقدمہ درج ہے جس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں گی۔

مزید : صفحہ آخر