نواز شریف نظریہ نہیں مافیا کا نام ، تارکین وطن کو ووٹ کا حق دیا جائے : عمران خان

نواز شریف نظریہ نہیں مافیا کا نام ، تارکین وطن کو ووٹ کا حق دیا جائے : عمران ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف نظریہ نہیں ایک مافیا کا نام ہے اور جب سے مافیا کے خلاف فیصلہ آیا سپریم کورٹ پر حملے کیے گئے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فاٹا اصلاحات محمود اچکزئی اور فضل الرحمان کی وجہ سے نہ ہوسکیں، فیڈریشن کو مضبوط کرنا بہت ضروری ہے، بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ آنے پر فخر ہے، فاٹا کو مین اسٹریم کرنا بہت ضروری ہے۔ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ وزیراعظم کرپٹ مافیا کو بچانے کے لیے سپریم کورٹ کے خلاف گیا ہو، سارا مافیا اکٹھا ہوکر چوری بچانے کے لیے سپریم کورٹ کی ساکھ خراب کررہا ہے، قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے، شہبازشریف اینڈ سنز کرپشن نے 56 کمپنیاں بنالیں، یہ لوگ اپنے لوگ بھرتی کرتے ہیں، یہ لوگ اربوں روپے کمارہے ہیں، جیلوں میں صرف غریب لوگ ہیں۔اڈیالہ جیل کی صفائی سے متعلق سوال پر عمران خان نے کہا کہ اڈیالہ جیل کی صفائی کیوں ہورہی ہے، کیا کوئی خاص بندہ کرارہا ہے، 300 ارب چوری کریں تو صاف جگہ ملے گی، غریب سائیکل چوری کرے تو ٹھوکریں کھائے گا، یہی المیہ ہے طاقتور اور غریب کے لیے الگ قانون ہے۔ کسی بھی حکومت کو 45 دن رہتے ہوئے بجٹ دینے کا اختیار نہیں ہم اس کی مخالفت کریں گے، خیبرپختونخوا میں بھی پرویز خٹک بجٹ نہیں دیں گے، ہمارے پاس اگلی حکومت کا بجٹ دینے کا کوئی مینڈیٹ نہیں۔ خوشی ہے چیف جسٹس اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹنگ کے حقوق کی کوشش کررہے ہیں، پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ اوورسیز پاکستانی ہیں، وہ زرمبادلہ نہ بھیجیں تو پہلے ہی ملک مقروض ہے، مولانا فضل الرحمان نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے جو زبان استعمال کی اس کی مذمت کرتے ہیں۔ جنوبی پنجاب کا صوبہ بننا ملک کی ضرورت ہے، بجٹ کا 57 فیصد لاہور پر خرچ کیا جاتا ہے، انہوں نے لازم کردیا اب جنوبی پنجاب صوبہ بنے گا۔علاوہ ازیں عمران خان نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کا معاملہ پر دورکنی خصوصی کمیٹی قائم کر تے ہوئے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ دیار غیر میں بسنے وا الوں کو انکا بنیادی حق فراہم کیا جائے ،تکنیکی اسباب و وجوہ کی آڑ میں معاملے کا مزید التوا کسی طور پر گوارا نہیں، امید ہے کہ نادرا ایک قومی ادارے کے طور پر عمل اور عدالت عظمی کی مکمل معاونت کرے گا ۔ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کے معاملہ پر کپتان نے بھرپور قیادت فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سمندر پارپاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق دورکنی خصوصی کمیٹی قائم کر تے ہوئے اس کو نادرا کی بریفنگ میں شرکت کیلئے سپریم کورٹ جانے کی ہدایت کی ہے ، کمیٹی میں ڈاکٹر شیریں مزاری اور فواد چوہدری شامل ہیں ۔ دریں اثنا بنی گالہ میں تحریک انصاف کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ پی ٹی آئی نہ ہوتی تو پانامہ کیس دب چکا ہوتا آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے الیکشن میں ٹکٹ میرٹ پر دیں گے سب امیدوار پارلیمانی بورڈ کے فیصلوں کو تسلیم کریں اور آپس کے اختلافات کو ختم کرکے پارٹی کو مضبوط بنائین کسی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی 29اپریل سے انتخابی مہم کا باضابط آغاز کریں گے۔ہم نے گزشتہ الیکشن کی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے الیکشن کے لئے حالیہ دونوں میں الیکٹ ایبلزکو شامل کیا ہے۔

مزید : صفحہ اول