نگران وزیر اعظم کا فیصلہ اتفاق رائے سے مقررہ وقت پر ہوجائے گا : شاہد خاقان عباسی

نگران وزیر اعظم کا فیصلہ اتفاق رائے سے مقررہ وقت پر ہوجائے گا : شاہد خاقان ...

  

اسلام آباد( مانیٹر نگ ڈیسک)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک میں نگران حکومت اپنے مقررہ وقت پرآجائے گی ،اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر سے دوملاقاتیں ہوچکی ہیں اتفاق رائے سے نگران وزیراعظم کا نام بھی فائنل ہوجائے گا۔نجی چینل’’سمانیوز‘‘کے پروگرام’’ندیم ملک لائیو‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ چیف جسٹس سے ہونے والی ملاقات میں ملکی حالات پر گفتگو ہوئی جس کا مقصد صرف ملکی مفاد تھا ،میرے خیال سے یہ ملاقاتیں ہوتی رہنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے اس ملاقات میں خدشات کا اظہار کیا حکومت اپنا کام موثر طریقے سے ادا نہیں کررہی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے آخری دنوں میں مسلم لیگ ن کوچھوڑنے والے افراد کا انجام اچھا نہیں ہوگا،انہوں نے یہ اقدام کیوں اٹھا یا ؟اس کاجواب وہی لوگ دے سکتے ہیں ،ماضی میں بھی اس طرح کے اقداما ت ہوتے رہے ہیں لیکن افسوس ہے کہ ہم نے ان سے سبق حاصل نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی گرفتاری کا وقت آیا تو قانون کے مطابق عمل ہوگا اس سے پہلے بھی ہم نے قانون پر عمل کیا ہے چاہے وہ فیصلہ قبول نہ بھی کیا ہو،تاہم ان کی گرفتاری کے فیصلے کوعوام قبول نہیں کرے گی۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار پارٹی چھوڑ کرکہیں نہیں جارہے ان کا جماعت چھوڑنے کے چانسز صفر ہیں،ناراضگی ہوتی رہتی ہیں اس طرح لوگ پارٹیز نہیں چھوڑتے۔وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ ایمنسٹی سکیم کے بغیر ٹیکس اصلاحات نہیں ہوسکتی اگر کسی کی آف شور کمپنیز ہیں تو وہ پاکستان میں اپنا پیسہ لے آئے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ امید ہے پاکستان کا نا م گرے لسٹ میں نہیں آئے گا اس کیس کو سیاسی طور پر دیکھا جارہا ہے اگر کہیں پر کوئی مسئلہ ہے تو ہمیں بتایا جائے۔

مزید :

صفحہ اول -