دیسی لیموں کا بحران، تین سو روپے کلو تک جا پہنچا
لاہور(کامرس رپورٹر)ملک میں ٹماٹر کی طرح لیموں کا بحران سر اٹھانے لگا ہے جس کی وجہ سے قیمت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔مارکیٹ میں دیسی لیموں300روپے کلو گرام فروخت ہو رہا ہے۔گرمیوں میں جیسے ہی مشروبات کی مانگ میں اضافہ ہونے لگا ہے تو مارکیٹ میں لیموں کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے جس وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔سبزی منڈیوں میں جہاں قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے وہاں لیموں کا کی قلت بھی ہونے کا خدشہ پید ا ہو گیا ہے جیسے ہی رمضان شریف قریب آرہا ہے تو سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔گزشتہ روز شہر کی بڑی سبزی منڈیوں اور مارکیٹوں میں دیسی لیموں 230بجائے 300 روپے کلو فروخت ہوتا رہا جبکہ مارکیٹ کمیٹی کی لسٹ میں لیموں کی قیمت 230روپے ہے۔اس حوالے سے سیکرٹری جنرل انجمن تاجران سبزی منڈی بادامی باغ صدام اطہر خان نے بتایا کہ منڈی میں لیموں کی قلت پڑ گئی ہے جس وجہ سے قیمت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے اگر حکومت اور ڈی سی لاہور نے حکمت عملی نہ بنائی تو شہر میں لیموں کا بحران زیادہ ہوجائے گااور لیموں کی فی کلو قیمت 500 سے بھی زیادہ ہوجائے گی۔رمضان المبارک میں لیموں کا زیادہ استعمال ہوتا ہے۔
لیموں