فاٹا کو لگے زخم مندمل کرنے کا وقت آگیا ، پی پی پی قبائلی عوام کیساتھ ہے : آصف زرداری

فاٹا کو لگے زخم مندمل کرنے کا وقت آگیا ، پی پی پی قبائلی عوام کیساتھ ہے : آصف ...

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں ) سابق صدرمملکت اورسربراہ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین آصف علی زرداری نے کہا ہے پا کستا ن پیپلزپارٹی اعلیٰ عدالتوں کے اختیارات کو قبائلی علاقوں تک وسعت دینے، قبائلی علاقوں کے خیبرپختونخوا میں انضمام اور این ایف سی ایوارڈ میں اس کا حصہ مختص کرنے کے مطالبات کی جدوجہد میں قبائلی علاقوں کے عوام کیساتھ کھڑی ہے۔ گزشتہ روزقبائلی یوتھ جرگہ کے ایک وفد جس میں تمام ایجنسیوں کی نمائندگی کرنے والے 25اراکین شریک تھے سے زرداری ہاؤ س اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انکا مزید کہنا تھا معاشی، لسانی، تہذیبی اور جغرافیائی لحاظ سے قبائلی علاقوں کا صوبے کیساتھ انضمام قد رتی امر ہے۔ وفدکے ہمراہ اینکر وصحافی سلیم صافی بھی تھے۔ آ صف علی زرداری کا کہنا تھا حالانکہ اعلیٰ عدالتوں کے اختیارات قبائلی علاقوں تک بڑھانے کا بل حال ہی میں قومی اسمبلی نے پاس کر دیا ہے لیکن یہ توقعات کو پورا نہیں کرتا پھر بھی پارٹی نے سینیٹ میں اس بل کی حمایت کی کیونکہ وہ یہ موقع کھونا نہیں چاہتی تھی اور اسی وجہ سے اس بل میں مزید بہتری کی گنجائش پیدا ہوگئی ہے۔امسال انتخابات کے بعد جب پارٹی برسراقتدار آئے گی تو فاٹا کے ہر علاقے میں اعلیٰ عدالتوں کے اختیارات کو وسعت فوری طور پر دیدی جائے گی۔ انہوں نے یاد دلایا صدر کی حیثیت سے انہوں نے فاٹا سمیت صدر کے سارے اختیا ر ات پار لیمنٹ کو منتقل کر دئیے تھے۔ فاٹا کے لوگ زخمی ہیں ان کے زخم مندمل کرنے کا وقت آگیا ہے۔ سابق صدر نے مطالبہ کیا ٹیکس اور لیویز کی راہداری جیسے امور فوری طور پر ختم کئے جائیں کیونکہ یہ یکطرفہ ،غیرقانونی اور کرپشن کا دروازہ کھول دیتے ہیں۔انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ عوامی اخراجات سے متعلق آڈیٹر جنرل کی جانب سے عوامی اخراجات کا آڈٹ کرایا جائے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پہلی مرتبہ قبائلی علاقوں کے عوام ووٹ دینے کے حق کیلئے پٹیشن دائر کی تھی، انہوں ہی نے فاٹا کے متعلق پارٹی کی ایک خاص کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔ پیپلزپارٹی ہی نے ایف سی آر میں اصلاحات ان کے دور صدارت میں شروع کیں۔ پہلی مرتبہ قبائلی علاقوں میں تمام سیاسی پارٹیوں کو قبائل علاقوں میں کام کرنے کی اجازت دی گئی۔

مزید :

علاقائی -