آزاد کشمیر ،بھارتی فوج کی گولہ باری سے خواتین ،بچوں سمیت 19افراد زخمی

آزاد کشمیر ،بھارتی فوج کی گولہ باری سے خواتین ،بچوں سمیت 19افراد زخمی

مظفر آباد (این این آئی228 آن لائن)بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول کے پار سے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں کی گئی گولہ باری سے خواتین اور بچوں سمیت 19 افراد زخمی ہوگئے۔پاک فوج نے بھرپور جوابی کاروائی کرتے ہوئے دشمن کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد دشمن کی تو پیں خاموش ہو گئیں ۔کوٹلی کے اسسٹنٹ کمشنر علی اصغر کے مطابق بھارتی فوج کی شدید شیلنگ کا آغاز دوپہر کے وقت ضلع کوٹلی کے سیکٹر کھوئی رٹہ سے ہوا۔ بھارتی فوجیوں نے شہریوں کے گھروں اور تعلیمی اداروں کو بلاتفریق نشانہ بنایا۔ گاؤں سیری میں تین خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہوئییک نوجوان جنجو بہادر گاؤں میں زخمی ہوا۔ زخمیوں کی شناخت 50 سالہ منیر بیگم، 28 سالہ صومیہ زبیر، 22 سالہ معین ریاض، 22 سالہ شہریار جابر، 21 سالہ عامرسلیمان، 80 سالہ انور بیگم، 25 سالہ عبدالقادر اور 16 سالہ دانش رؤف کے نام سے ہوئی۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کوٹلی کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طارق محمد نے کہا کہ طبی امداد کیلئے لائے گئے افراد میں سے چند کی حالت تشویش ناک ہے۔اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی نے کہا کہ زخمیوں کے علاوہ یہاں کے لوگوں کی مویشیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے اور مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ بھارتی فوجیوں کی جانب سے فائر کیے گئے چند شیل گرلز انٹر کالج اور بوائز ہائی اسکول میں گرے ٗجہاں طلبا بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آزاد کشمیر کے تحت دسویں جماعت کے سالانہ امتحانا کے پرچے دے رہے تھے۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ طلبا میں کھلبلی مچ گئی اور وہ سینٹر سے باہر نکل آئے تاہم خوش قسمتی سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔کوٹلی کے ڈپٹی کمشنر عبدالحمید کیانی نے بورڈ کے چیئرمین سے درخواست کی کہ نامکمل پرچے کیلئے نئی تاریخ کا اعلان کریں۔پونچھ کے ڈپٹی کمشنر راجا طاہر ممتاز نے کہا کہ ضلع پونچھ کے سیکٹر بٹل کے علاقے ہاجرا میں ساڑھے چاربجے کے قریب شیلنگ کی گئی جہاں 7 خواتین سمیت 10 افراد زخمی ہوئے۔بھمبر کے ڈسٹرکٹ کمشنر چو دھری گفتار نے اپنے علاقے کے حوالے سے کہا کہ ضلع کے جنوبی حصے میں ہونے والی شیلنگ کے نتیجے میں 25 سالہ خاتون مہرین عامر زخمی ہوئیں۔ڈپٹی کمشنر کوٹلی عبدالحمید کیانی کا کہنا تھا کہ ضلع کوٹلی کے حساس گاؤں چارہوئی اور کھوئی رٹہ میں 300 کے قریب حفاظتی اور کمیونٹی بنکرز کی تعمیر جلد ہوگی۔ ان بنکرز کی تعمیر کیلئے پہلی قسط جاری کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر پونچھ راجا طاہر ممتاز نے اس حوالے سے کہا کہ ضلع پونچھ میں پہلے مرحلے میں تحصیل عباس پور کے تین گاؤں اور تحصیل ہاجرا کے ایک گاؤں میں 200 بنکرز تعمیر کیے جارہے ہیں۔

ایل او سی

مزید : کراچی صفحہ اول