امن شہدا کا مرہون منت ،قوم فوج کے پیچھے کھڑی ہے ،ملک کاکوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا:جنرل باجوہ

امن شہدا کا مرہون منت ،قوم فوج کے پیچھے کھڑی ہے ،ملک کاکوئی کچھ نہیں بگاڑ ...

راولپنڈی(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جب تک قوم فوج کے پیچھے کھڑی ہے ٗملک کا کوئی کچھ نہیں بگاڑسکتا ٗشہید نو جوان ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں ٗ کوئی بھی میڈل شہداء کی قربانی کا نعم البدل نہیں ہوسکتا ٗ اپنے ہیروز کو بھلانے والی قومیں مِٹ جاتی ہیں ٗشہداء کے ورثاء کی ہر ممکن مدد جاری رکھیں گے ٗ ہماری قوم کی تاریخ یاد رکھنے کی صلاحیت بہت کم ہے ٗبطور قوم ہمیں ہمیشہ ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے ٗپاکستان آہستہ آہستہ ترقی اور امن کی جانب بڑھ رہا ہے ٗ پاکستان اب مشکل حالات سے باہر نکل آیا ہے ٗاچھے دن آنے والے ہیں۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز میں تقسیم اعزازات کی تقریب ہوئی جس میں عسکری حکام ، غازیوں اور شہدا کے لواحقین نے شرکت کی ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کے لواحقین اور غازیوں میں اعزازات تقسیم کیے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق 32 افسران کو ستارہ امتیاز ملٹری سے نوازا گیا، 2 افسران کو تمغہ جرات اور 33 افسران و جوانوں کو تمغہ بسالت دیا گیا ٗ 4 افسروں، جوانوں کو یو این میڈل دیا گیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہاکہملک میں امن و استحکام غازیوں اور شہدا کی مرہون منت ہیفاٹا میں امن آئے تھوڑا عرصہ گزرا اور کچھ لوگوں نے نئی تحریک شروع کردی ہے،کچھ لوگ باہر اور اندر سے پاکستان کی سالمیت کے درپے ہیں،ان کو ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ آپ کچھ بھی کرلیں،جب تک فوج اور اس کے پیچھے یہ قوم کھڑی ہے آپ پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔میں شہدا کے لواحقین کے غم کو کم نہیں کرسکتا، یہ وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے آج ہم امن کی طرف بڑھ رہے ہیں۔جب بھی میں بیرون ملک جاتا ہوں لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ دہشت گردوں نے پوری دنیا میں تباہی مچائی ہوئی ہے اور ان کے خلاف اگر کوئی کامیابی کی مثال ہے تو وہ پاکستان ہے، جس نے اپنے علاقوں سے دہشت گردوں کو اٹھا کر باہر پھینک دیا ہے، پاکستان کے پاس ایسی کیا خصوصیت ہے جو دیگر ملکوں کے پاس نہیں ہے۔میں ان لوگوں کو جواب دیتا ہوں کہ جب تک پاکستان میں ایسی مائیں، بہنیں، بیویاں، بیٹیاں پیدا ہوتی رہیں گی جو اپنے بیٹوں، بھائیوں، شوہروں اور والد کو مادر وطن پر نچھاور کرنے کے لیے بھیجتی رہیں گی اس وقت تک پاکستان کو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ۔ہم دنیاوی طور پر پوری کوشش کریں گے کہ شہدا کے لواحقین کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ آئے تاہم بطور قوم ہمیں ہمیشہ ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے۔ پاکستان اب مشکل حالات سے باہر نکل آیا ہے اور پاکستان کے اچھے دن آنے والے ہیں۔جب پاکستان مزید ترقی کی جانب بڑھے گا تو میں تو اس عہدے پر نہیں رہوں گا لیکن میں آپ لوگوں سے امید کرتا ہوں کہ آپ کبھی شہداء اور ان کے ورثاء کو نہیں بھلائیں گے۔آخر میں آرمی چیف نے شہداء کے ورثاء کو ایک بار پھر سلام پیش کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول