وکلاء برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے :امتیاز شاہد قریشی

وکلاء برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے :امتیاز شاہد قریشی

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخواکے وزیر برائے قانون ،پارلیمانی امور وانسانی حقوق امتیاز شاہد قریشی نے کہاہے کہ حکومت وکلاء برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے تاکہ وہ اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا کرسکے ۔کیونکہ وکلاء عوام کے لئے داد رسی اورسستی انصاف کے فراہمی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے تحصیل بار بحرین سوات کے نمائندہ وفد سے اپنے دفتر پشاورمیں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وفد جس کی قیادت تحصیل بار کے صدر شعبان خان کررہے تھے کہ علاوہ جنرل سیکرٹری شاکر اللہ ،قلا قوس خان ،شا ہ وزیر خان ،سید اقبال شاہ اورعاصم جان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔وفد نے وزیر قانون کوتحصیل بار بحرین کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے دیگر بارز کی طرز پر گرانٹ اینڈ ایڈ کے علاوہ اپنے دیگر مطالبات ومسائل سے تفصیلی طورپر آگاہ کیا ۔وفد نے وزیر قانون کو تحصیل بار بحرین کی نومنتخب کابینہ کی حلف بردار ی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہونے کی بھی دعوت دی۔ امتیاز شاہد قریشی نے محکمہ قانون کے متعلقہ حکام کو تحصیل بار کے لئے گرانٹ اینڈ ایڈ کے فوری اجراء کے ہدایت کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے دیگر جائز مطالبات پر بھی عمل درآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وکلاء برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے ان کے مسائل کے حل کے لئے جامع منصوبہ بندی کے تحت تمام تراقدامات اٹھارہی ہے ۔تحصیل بار بحرین کے وفد نے ان کے مسائل توجہ اورہمدردی سے سننے اوران کے حل میں گہری دلچسپی لینے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اوراپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر