نادار بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں ،میاں افتخار

نادار بچوں کو تعلیم کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں ،میاں افتخار

  

پبی (نمائندہ پاکستان) راشد شہید ایجوکیشن اکیڈمی میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء نے مختلف خاکے، نظمیں اور ٹیبلو پیش کئے۔راشد شہید فاونڈیشن کے چئیرمین میاں افتخار حسین نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیٹے کی شہادت کے بعد یہ میری دلی ارمان تھی کہ اس قوم کے یتیموں، بے سہارا اور غریبوں کومعیاری تعلیم کے زیور سے روشناس کرسکوں اور آج میری وہ خواہش عملی شکل میں سب کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ایک مہینہ پورا ہوا اور اس ایک مہینہ کے قلیل عرصہ میں اساتذہ اور طلباء نے جو کارگردگی دکھائی وہ قابل ستائش اور بے مثال ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے میں ایک بیٹے کا باپ تھا اور آج اس معاشرے کا ہر بے سہارا ، مجبور اور لاچاربچہ، میرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سکول میں گیارہ سالہ بچے بھی نرسری کلاس میں زیر تعلیم ہے جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ آئی ڈی پیز کے بچوں کو حکومت نے بے یارو مددگار چھوڑا تھا جو کہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ فاونڈیشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ راشد شہید فاونڈیشن بلاامتیاز انسانیت کی بنیاد پرخدمت کر رہا ہے اورجو لوگ بھی اس کار خیر میں فاونڈیشن کا ساتھ دے رہے ہیں،میں انکا بے حد مشکور ہوں۔انہوں نے تمام صاحب استطاعت لوگوں سے اپیل کی کہ سکول کی تعمیر اور بچوں کے تعلیمی اخراجات پورا کرنے کیلئے 20 اپریل بروز جمعہ بوقت 03:00 بجے ترناب گیدرنگ ہال میں چیرٹی پروگرام کا انعقادہوگا، اس میں شرکت یقینی بنائیں تاکہ کوئی بچہ تعلیم کے حق سے محروم نہ رہے پروگرام کے آخر میں ماہانہ امتحانات میں پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کے علاوہ کھیلوں میں اچھی کارگردگی دکھانے والوں میں بھی انعامات تقسیم کیے گئے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -