ہنگو کے یونین کونسل کاہی میں ضلعی انتظامیہ کی کھلی کچہری

ہنگو کے یونین کونسل کاہی میں ضلعی انتظامیہ کی کھلی کچہری

ہنگو(بیورورپورٹ)ہنگو کے یونین کونسل کاہی میں ضلعی انتظامیہ کی کھلی کچہری ۔ کھلی کچہری کے دوران علاقہ مشران نے افسران کے سامنے مختلف علاقائی مسائل رکھ دئیے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام تر مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ہنگو کی جانب سے یونین کونسل کاہی ہنگو میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر شاہ فہد، ڈی پی او ہنگو آصف گوہر ، اے ڈی سی حافظ عطاء المنعم، اے سی یوسف کریم، اے ڈی لوکل گورنمنٹ عابد زمان،سرکاری محکموں کے افسران، ناظمین اور علاقہ مشران نے شرکت کی۔اس موقع پر علاقائی مشران اور ناظمین ارشاد خان ،نیاز بادشاہ و دیگر نے ضلعی انتظامیہ افسران کے سامنے مسائل کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ یونین کونسل کاہی میں تعلیمی نظام زبوحالی کا شکار ہے جبکہ بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ کاہی کے سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں جس کے باعث علاقے کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ناظمین اور مشران نے کہا کہ یو سی کاہی میں بی ایچ یو میں سٹاف کی کمی اور عدم سہولیات کے باعث عوام کو علاج معالجہ میں شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ ڈیلویری کیسز میں بی ایچ یوعملہ کی جانب سے غیر قانونی رقوم کی وصولی بھی کی جار ہی ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہ فہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل سے آگاہ رہنے اور مسائل کے حل کے لئے مختلف یونین کونسل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔ ضلعی انتظامیہ کے افسران عوام کے خادم ہے اور عوامی مسائل حل کرنے میں ضلعی انتظامیہ اپنے تمام تر وسائل اور توانائیاں استعمال میں لائیں گے۔ ڈی سی ہنگو نے عوامی مسائل کے حل کے لئے سرکاری محکموں کے افسران کو سختی سے ہدایات دیتے ہوئے چند دنوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کے حکامات جاری کئے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر