قدرتی نعمتوں سے استفادہ کیلئے ایماندار اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے :مظفر سید ایڈوکیٹ

قدرتی نعمتوں سے استفادہ کیلئے ایماندار اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے :مظفر سید ...

 پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ وطن عزیز قدرت کی طرف سے عطا کردہ قیمتی قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور ان نعمتوں سے بھر پور استفادہ حاصل کرنے کیلئے ایماندار اور ملک سے محبت کرنے والی قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں اور یہاں پر ہر شعبے میں تیز رفتار ترقی کے بڑے امکانات ہیں لیکن اس مقصد کے حصول کیلئے عملی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مستقبل میں توانائی کے شعبے میں آنے والے بڑے چیلنجز سے نبرد آز ماہونے کیلئے آج ہی سے سوچنا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ بجٹ میں توانائی کے فروغ کیلئے متعلقہ شعبے کے ماہرین کا نقطہ نظر شامل کیا جائے گااور آئندہ کی منصوبہ بندی میں بھی اس شعبے کو ترجیحات میں شامل کیا جائیگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں گرین انرجی ٹیکنالوجیز کے حوالے سے دوسرے قومی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کیا۔کانفرنس کا اہتمام یو۔ ایس پاکستان سنٹر فار ایڈ وانس سٹڈیز ان انرجی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور نے کیاتھا جس میں دیگر صوبوں کے مندو بین کے علاوہ انجینئرنگ یونیورسٹی اور لمز یونیورسٹی لاہور، وفاقی انرجی پلاننگ کمیشن کے ماہرین ، دانشوروں اور طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔ کانفرنس میں توانائی ماہرین نے پاکستان میں توانائی کے بارے میں مستقبل کے چیلنجز اور اس پر قابو پا نے کیلئے پائیدار اقدامات سمیت ہر پہلو پر تفصیلی لیکچر دئیے۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر رضی الدین رضی، یو ای ٹی پشاور کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر نور محمد، یو ای ٹی لاہور کے ڈاکٹر وقار محمود، ڈاکٹر تنز یل الرحمان ، ڈاکٹر فیاض چوہدری اور دیگر ماہرین نے اپنے خطاب میں توانائی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ کانفرنس سے خطاب کے دوران صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ قدرت کی طرف سے عطا کردہ قدرتی خزانوں سے ہمیں بھر پور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں نیک جذبے کے ساتھ ہر کسی کو اپنا حصہ ڈالنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی اور چین نے مختصر وقت میں سائنس و ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر تیز رفتار ترقی حاصل کی ہے اور اسکی واحدوجہ یہ ہے کہ ان قوام نے اپنے لئے ترقی کو ایک اہم مقصد تصور کیا ہے۔ انہوں نے طلباء اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے کو ششیں کریں کیونکہ مستقبل میں اس ملک کے نگہبا ن وہ ہی ہونگے۔ کانفرنس میں صوبائی وزیر کو شیلڈ بھی پیش کی گئی جبکہ انہوں نے بھی توانائی ماہرین میں شیلڈ تقسیم کیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر