آئی سی سی چیئر مین ششانک منوہر پاکستان نہ آسکے

آئی سی سی چیئر مین ششانک منوہر پاکستان نہ آسکے
آئی سی سی چیئر مین ششانک منوہر پاکستان نہ آسکے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی چیئرمین ششانک منوہر پاکستان سپر لیگ تھری کے پلے آف میچز دیکھنے کے لیے پی سی بی کی خصوصی دعوت پر لاہور آنے والے تھے تاہم وہ اپنے گھر میں پھسل کر زخمی ہوگئے جس کے بعد انہوں نے پاکستان آنے کا پروگرام منسوخ کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر وزارت خارجہ نے ششانک منوہر کو پاکستان کا ویزہ جاری کرنے کے بھی انتظامات کر لیے تھے۔پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی دنیا بھر میں پذیرائی کی جارہی ہے۔ گزشتہ دنوں ہونے والے کوالالمپور میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ایک قرار داد پیش کی گئی جس میں مستقبل میں پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔

نجی نیوز چینل جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایشیائی ممالک کی جانب سے پاکستان کے حق میں قراد داد کا پاس ہونا پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے سند کی حیثیت رکھتا ہے۔ایشیائی ملکوں نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں انگلش کرکٹ بورڈ کے صدر جائیلز کلارک کا خط بھی پڑھ کر سنایا گیا۔جائیلز کلارک پاکستان سپر لیگ فائنل کے لئے کراچی آئے تھے اور انہوں نے کراچی میں سیکیورٹی انتظامات اور میچ کے لیے کیے گئے انتظامات کی تعریف کی ہے۔

مزید : کھیل