نواز شریف کی نااہلی اس وقت تک جب تک یہ فیصلہ دینے والے کرسی پر بیٹھے ہیں:مریم نواز

نواز شریف کی نااہلی اس وقت تک جب تک یہ فیصلہ دینے والے کرسی پر بیٹھے ہیں:مریم ...
نواز شریف کی نااہلی اس وقت تک جب تک یہ فیصلہ دینے والے کرسی پر بیٹھے ہیں:مریم نواز

  

سیالکوٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کی رہنمااور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ جب جب نواز شریف کو مائنس کیا گیا وہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہو کر سامنے آیا ہے،ان کی نااہلی صرف اسوقت تک ہے جب تک یہ فیصلہ کرنے والے کرسی پر بیٹھے ہیں۔

سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف اتنا اہم شخص ہے کہ جسے ایک بار نہیں چار بار نااہل کیا گیا، نواز شریف کو 4 بار مائنس کیا گیا لیکن وہ پلس ہوتا جا رہا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب جب نواز شریف کو مائنس کرنے اور عوام سے دور کرنے کی کوشش کی تو اللہ کے فضل اور عوام کی طاقت سے نواز شریف پہلے سے زیادہ مضبوط اور طاقتور ہو کر سامنے آتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کومشرف دورمیں کرپشن الزام میں اٹھائیس سال سزا سنائی گئی،ڈکٹیٹرنے کہا تھا کہ نوازشریف تاریخ کا حصہ ہیں،پرویزمشرف کہتے تھے نوازشریف واپس نہیں آئیں گے،آج وہ خود کہاں ہیں؟۔مریم نواز کا جے آئی ٹی کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ کے حوالے سے کہنا تھا کہ جسے عدالت میں نواز شریف کے خلاف گواہ بناکرلایا گیا اس نے خود ہی ان کے سچائی کی حقیقت بتادی،واجد ضیا نے عدالت میں کہا کہ نوازشریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کوخاندان سمیت ملک سے باہرنکالا گیا، ماضی میں انہیں ہائی جیکربنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا نواز شریف اور مریم نواز کوجیل ہوبھی جائے تو کوئی بات نہیں عوام سچ جان چکے ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگلے الیکشن میں صرف اس کو ووٹ دینا جس کے سرپر نواز شریف کا ہاتھ ہو،ایک سا ل سے ن لیگ کو توڑنے کی سازشیں ہورہی ہیں ،این اے 120کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ کے ووٹرز کو ووٹ نہیں ڈالنے دیا جارہے تھے ،وہاں لوگ کہ رہے تھے کہ ہم نے ”شیر“پر مہر لگانی ہے لیکن ان کوکہاجارہا تھا کہ آپ کاووٹ یہاں نہیں ہے اور جب وہ ”بلے “کی پرچی لے کر آتا تو اس کو ووٹ ڈال دیا جاتا۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف جہاں سے کال دے گااس کاکال کی جواب دینا،ہم نواز شریف کی جنگ نہیں بلکہ آپ کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

کنونشن میں خطاب کے بعد مریم نواز نے ”ووٹ کو عزت“دو کے نعرے بھی لگائے ۔

مزید :

قومی -سیاست -علاقائی -پنجاب -سیالکوٹ -اہم خبریں -