وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا نیو انٹرنیشنل اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ نیو انٹرنیشنل اسلام آباد ایئرپورٹ پر دیگر جدید بین الاقوامی ایئرپورٹس کی طرح مسافروں کو جدید اور تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نیو انٹرنیشنل اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کیا جہاں انہو ں نے ایئرپورٹ کے مختلف حصوں کے معائنہ کیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سردار مہتاب احمد خان اور سینئر حکام نے وزیراعظم کو مسافروں کیلئے سہولیات اور آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ، وزیر دفاع خرم دستگیر خان، وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب، ایوی ایشن ڈویڑن، سول ایوی ایشن اتھارٹی، اے ایس ایف اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نیا ایئرپورٹ 85 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، اس کے 2 رن ویز ہیں اور اس میں 90 لاکھ مسافروں کی آمدورفت اور 90 آپریشنل امیگریشن کاونٹرز کی گنجائش موجود ہے، یہ ایئرپورٹ جدید آلات بشمول جدید ایرو برجز، ریڈارف اور لینڈنگ اور ایئر فیلڈ لائٹنگ سسٹم سے آراستہ ہے۔ اس میں وسیع پارکنگ ایریا اور 15 پسنجر بورڈنگ برجز بنائے گئے ہیں۔