سینئر اداکار فنکار برادری کیلئے مسیحا بن گئے، پروڈیوسر زاہد شاہ
لاہور (فلم رپورٹر) ڈائریکٹر و پروڈیوسر زاہد شاہ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں سٹیج ڈرامہ سے تعلق رکھنے والے کچھ سینئر فنکار سٹیج کی فنکار برادری کے لئے مسیحا بن گئے، معروف ڈائریکٹر و پروڈیوسر زاہد شاہ، کراچی آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ، شہزاد رضا، پرویز صدیقی، عرفان ملک اور علی حسن سٹیج فنکاروں کے لئے اپنی مدد آپ کے تحت کام کر رہے ہیں،کچھ فنکا ر مستحق فنکاروں کی مدد کے لئے میدان میں اترے ہوئے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ مالی طور پر کمزور فنکاروں کے گھروں کا چولہا نہ بجھے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ سے جاری کردہ بیان میں کیا، سٹیج ڈراموں کے معروف رائٹر زاہد شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت وقت پوری فنکار برادری کے لئے ریلیف پیکج کا اعلان کرے حکومت ہر طبقہ کے لئے مالی امدا د کا اعلان کر رہی لیکن نہ جانے کیوں فنکار برادری کی فلاح اور امداد نہیں کی جارہی۔
، انہوں نے کہا کہ کچھ سینئر فنکار مستحق فنکاروں کی امداد تو کر رہے ہیں لیکن موجودہ حالات میں مستحق فنکاروں کی مدد کرنا کسی بھی فر د واحد یا چند لوگوں کے بس کی بات نہیں ہے۔جب تک حکومتی سرپرستی نہیں ہوگی مسائل حل نہیں ہوں گے۔
، سٹیج ڈرامے سے تعلق رکھنے والے مستحق فنکاروں میں بہت ساری فنکارائیں بیوہ ہیں، عمر رسیدہ ہیں اور ایک طویل عرصے سے کام نہ ہونے کی وجہ سے ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آچکی ہے، ان کی کفالت حکومت کی مدد کے بغیر ناممکن ہے، لاک ڈاؤن کی وجہ سے سٹیج کی رونقیں ماند پڑ گئی ہیں اور فنکار بیروزگار ہو گئے ہیں،