کرونا وباء پر مؤثر روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں: اسد عمر

  کرونا وباء پر مؤثر روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں: اسد عمر

  

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاہے کہ کورونا وباء پر موثر روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، مقامی سطح پر وباء کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے، جس کو روکنے کیلئے موثر اقدامات ضروری ہیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ و آپریشن سینٹر میں خصوصی بریفنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزراء، مشیروں، صوبائی نمائندوں اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی،خصوصی بریفنگ میں کرونا وباء سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وزیراعظم کی زیر صدارت 13 اپریل کے اجلاس کیلئے سفارشات مرتب کی گئیں اور14 اپریل کے بعد کی صورتحال کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی گئی،شرکاء نے 26 فروری کے بعد سے اب تک 47 روز کی پیش رفت کی روشنی میں تجاویز کا تبادلہ کیا گیا۔اجلاس میں اب تک وباء کے پھیلنے کی رفتار کے تناظر میں 30 اپریل تک کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔شرکاء نے اہم اور ضروری سامان کی فراہمی اور ترسیل کے پہلوؤں پر بھی گفتگو کی گئی۔ اسد عمر نے کہاکہ کورونا وباء پر موثر روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ اسد عمر نے کہاکہ مقامی سطح پر وباء کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے، جس کو روکنے کیلئے موثر اقدامات ضروری ہیں، کورونا ٹیسٹ کی دستیاب سہولیات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں صوبائی کوششوں کی بھی تعریف کی گئی۔

اسد عمر

مزید :

صفحہ آخر -