ریاست کا چوتھا ستون میڈیا گرنے کے قریب، حکومت ریلیف پیکیج دے: شہبازشریف
لاہور(جنرل رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ(ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ میڈیا انڈسٹری کو بلا سود قر ضے دئیے جائیں تاکہ میڈیا ہاؤسز ملازمین کی تنخواہیں ادا کرسکیں،دیگر صنعتوں کی طرح سٹیٹ بینک میڈیا ہاؤسز کیلئے بھی خصوصی سکیم دے، حکومت میڈیا ہاؤسز کو بلا سود قرض کی فراہمی میں کردار ادا کرے۔ اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ حکومت میڈیا کے تمام واجبات فی الفور ادا کرے،میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے جو اس وقت گرنے کے قریب ہے،حکومت کے عدم تعاون اور پابندیاں عائد کرنے کے سبب میڈیا ہاؤسز دیوالیہ ہونے کے دہانے پر ہیں، معاشی بدحالی کی وجہ سے میڈیا ہاؤسز بند ہو رہے ہیں،18ماہ میں معیشت کے دیگر شعبوں کی طرح میڈیا بدترین بحران کا شکار ہوچکا ہے۔حکومت کی جانب سے میڈیا انڈسٹری کو سپورٹ کی اشد ضرورت ہے،عوام کو آگاہ کرنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔کرونا کے خلاف جنگ میں میڈیا انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ میڈیا ہاؤسز کو معاشی مشکلات کے باعث میڈیا ورکرز بے روزگار ہو رہے ہیں۔ کئی خاندانوں کا چولہا بجھ چکا ہے، حکومت میڈیا انڈسٹری کیلئے ریلیف پیکج کا فوری اعلان کرے کیونکہ جمہوریت آزاد میڈیا کے بغیر نامکمل ہے، میڈیا کو بچانا جمہوریت اور آئین کا تحفظ ہے۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے 180 ایچ ماڈل ٹاون میں پارٹی رہنماوں اور عہدیداروں سے مختلف امور پر مشاورت کی اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لئے حفاظتی لباس ملک بھر میں تقسیم کیا ہے اللہ کی رضاکے لئے یہ سامان آزادکشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں تقسیم کیا گیا۔آپ سب بھی اللہ کی رضا کے لئے اس کارخیر میں حصہ لیں۔ اس موقع پرشہبازشریف نے ہدایت کی کہ خاموشی اور بغیر نمودنمائش لوگوں کے گھروں میں سامان پہنچائیں۔ رمضان المبارک کی بھی آمد آمد ہے، اللہ تعالی کو راضی کرنے کا اس سے بہتر موقع نہیں ہوسکتا۔عوام کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیاگیا ہے حکومت کی ذمہ داری اس وقت اپوزیشن ادا کررہی ہے۔پنجاب حکومت اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔ امدادی رقوم کی فراہمی میں پنجاب حکومت کا کوئی کردار نہیں امدادی رقوم کو ہجوم کی شکل میں تقسیم کرنے سے کرونا پھیل سکتا ہے۔بلدیاتی ادارے نہ ہونے کے باوجود آزمائش کی اس گھڑی میں وہ عوام کی خدمت کررہے ہیں بلدیاتی ادارے بحال کردئیے جائیں تو کرونا کے خلاف جنگ میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔ ہم نے ہر مرحلے پر بڑی مثبت اور قابل عمل تجاویز دی ہیں۔
ٰشہبازشریف