کرونا کیخلاف الگے محاذ پر لڑنیوالوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے: عثمان بزدار

      کرونا کیخلاف الگے محاذ پر لڑنیوالوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے: عثمان بزدار

  

لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سابق سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کورونا وباء سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہاکہ اپوزیشن جماعتوں نے کورونا وائرس وباء جیسے اہم قومی مسئلے پر صرف زبانی جمع خرچ کیا ہے۔ اپوزیشن جان لے کہ بیان بازی سے عوام کی خدمت نہیں ہو سکتی۔عوام کی خدمت کیلئے ان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کورونا وباء میں عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ہم کل بھی عوام کے ساتھ تھے، آج بھی ساتھ ہیں، آئندہ بھی ساتھ رہیں گے۔کورونا وباء پر اپوزیشن کی سیاست چمکانے کی کوشش پہلے بھی ناکام رہی اور آئندہ بھی ناکام رہے گی۔کورونا جیسے اہم قومی مسئلے پر اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے اور اپوزیشن کی عوام میں رہی سہی ساکھ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔اپوزیشن جماعتوں نے اہم قومی مسئلے پر منفی سیاست کرکے ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ وقت سیاست سے بالاتر ہو کر قومی مسئلے پر اکٹھا ہونے کا ہے۔کورونا وباء کے باعث دنیا بھر میں سیاست سمیت ہر چیز بدل گئی لیکن افسوس پاکستان کی اپوزیشن کا منفی رویہ نہ بدلا۔ مشکل وقت میں دکھی انسانیت کو اکیلا چھوڑ کر ملک سے باہر جانے والے عوام کے خیرخواہ کیسے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کمزور طبقات کی مالی امداد کے لئے وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام دیاہے اورمالی امداد کے اس پروگرام پر انتہائی تیز رفتاری اور شفافیت سے عملدرآمد شروع ہوچکا ہے-میں پنجاب میں امداد ی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔سابق سینئر صوبائی وزیرعبدالعلیم خان نے کہاکہ یہ وقت دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کا ہے اور سب کو یکجا ہو کر کورونا وبا کے لئے کام کرنا ہے- آزمائش کی گھڑی میں اپوزیشن کی جانب سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش افسوسناک ہے-انہوں نے کہاکہ مشکل کی گھڑی میں دکھی انسانیت کیلئے جذبہ خیر سے حوصلے بڑھتے ہیں اوردین اسلام بھی آزمائش کی گھڑی میں متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کا درس دیتا ہے۔ سردار عثمان بزدارسے محمود گروپ آف انڈسٹریز کے سربراہ معروف صنعتکارخواجہ جلال الدین رومی نے ملاقات کی-خواجہ جلال الدین رومی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ملتان میں کورونا سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت کیساتھ کی جانیوالی مشترکہ کاوشوں سے آگا ہ کیا- وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ملتان سمیت صوبے بھر میں کورونا کے سدباب کیلئے کاوشوں میں صنعتکاروں اورتاجر برادری کے تعاون پرشکریہ ادا کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ حکومت پنجاب مخیر حضرات کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔غریب عوام آزمائش میں ہیں لہذامخیر اورصاحب ثروت متاثرہ افراد کی بھرپورمعاونت کریں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب حکومت نے عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لئے ضروری اقدامات کئے ہیں - شہریو ں سے اپیل ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں -شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے خود کو اوردوسروں کومحفوظ رکھ سکتے ہیں۔کورونا کے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مشکل کی گھڑی میں مزدور طبقے کو واجبات اورتنخواہوں کی ادائیگی کرنیوالے صنعتکار قابل تحسین اورقابل تقلید ہیں۔کورونا کے خلاف جنگ کے اگلے محاذ پر لڑنے والے ہمارے لئے بہت اہم ہیں جن کوہم کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے- خواجہ جلال الدین رومی نے کہاکہ محمودگروپ آف انڈسٹریز روزاول سے کورونا کے سدباب کیلئے کاوشوں میں حکومت کیساتھ ہے۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے کورونا ریلیف فنڈ میں اپناحصہ ڈالاہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم حکومت کے ساتھ ہیں - سردار عثمان بزدار ایسٹر پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہوئے اور ایسٹر پر مسیحی برادری کے رہنماؤں کو کیک کے تحفے بھجوائے اور مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کااظہار کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم،ایم پی اے ہارون عمران گل،ایم پی اے پیٹر گل،کارڈئینل جوزف کوٹس اورآرچ بشپ سبسٹین شا کیتھولک بشپ آف لاہورکو ایسٹر پر کیک بھیجے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نیبشپ آزادمارشل،آرچ بشپ جوزف ارشاد،بشپ اینڈرس رحمت،بشپ عرفان جمیل، بشپ لیوپاؤل اوربشپ جان سیموئیل کو بھی ایسٹر پر کیک کے تحفے بھجوائے،اسی طرح وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاسٹر انورفاضل چیئرمین انٹرنل لائف منسٹریز، ڈاکٹر لیاقت قیصرچیئرمین فل گوسپل چرچ پاکستان، بشپ ایلوئن سیموئیل، ڈاکٹر مجید ایبل ماڈریٹریو پی چرچ اوربشپ بینی کوبھی ایسٹر کے تہوار پر کیک بھجوائے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہناہے کہ مسیحی برادری نے کورونا وباء کے پیش نظر عبادات اور دعائیہ تقریبات کو محدود رکھا اورمیں ایسٹر پر مسیحی برادری کے کورونا وباء کے حوالے سے بے پایاں تعاون پر شکر گزار ہوں -مسیحی برادری نے ایسٹر کے تہوار پر سماجی فاصلے برقرار رکھ کر اپنی مذہبی، قومی اور اخلاقی ذمہ داری کو بطریق احسن نبھایا،بلاشبہ پاک دھرتی آج ہم سے سماجی فاصلے برقرار رکھنے کا تقاضا کررہی ہے-ایسٹر پر مسیحی برادری نے سماجی فاصلے برقرار رکھ کر نظم وضبط کا مظاہرہ کیا او راپنا قومی فرض نبھایا ہے- ایسٹرپر تقریبات کو مؤخر کرکے مسیحی برادری نے پاکستان سے اپنی محبت کا ثبوت دیاہے- ہم مسیحی برادری کے اقدام کی تحسین کرتے ہیں اوران کی خوشیوں میں برابر شریک ہیں۔

عثمان بزدار

لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے نشتر ہسپتال ملتان میں بعض ڈاکٹروں اور عملے کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اورسیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ بعض ڈاکٹروں اور عملے کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے واقعہ کی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور ڈاکٹروں اور عملے کو حفاظتی لباس اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کا جائزہ لینے کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جائیں -وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں تعینات ڈاکٹروں اور دیگر عملے کو حفاظتی لباس اور دیگر ضروری سامان ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جائے-انہو ں نے کہاکہ ڈاکٹر اوردیگر عملہ فرنٹ لائن پر ہیں اور ان کی حفاطت سب سے پہلے مقدم ہے-ڈاکٹروں اور عملے کو حفاظتی لباس اور ضروری سامان کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جا سکتی-

رپورٹ طلب

مزید :

صفحہ اول -