300جنگجوؤں کی رہائی، طالبان نے بھی 20سرکاری اہلکار رہا کر دیئے

  300جنگجوؤں کی رہائی، طالبان نے بھی 20سرکاری اہلکار رہا کر دیئے

  

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان میں طالبان نے امن عمل کے حوالے سے اہم پیش رفت کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں کی رہائی کے بعد افغان حکومت کے 20 اہلکاروں کو رہا کردیا ہے۔قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ طالبان کی جانب سے افغان انتظامیہ کے 20 قیدی رہا کئے جائیں گے۔بعدازاں افغانستان میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ کابل انتظامیہ کے اہلکاروں کو قندھار میں رہا کردیا گیا ہے۔طالبان ترجمان کی جانب سے افغان اہلکاروں کی تصاویر بھی پوسٹ کی گئی ہیں جن میں انہیں طالبان کی جانب سے رہائی کے وقت پیسے بھی دئیے جارہے ہیں۔دوسری جانب افغان حکومت نے بھی طالبان کے مزید 100 قیدی رہا کردئیے ہیں، اس طرح افغان حکومت کی جانب سے 8 اپریل سے اب تک 300 طالبان قیدی رہا کئے جاچکے ہیں۔افغان نیشنل سیکیورٹی کونسل کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر اشرف غنی کے حکم کے تحت امن عمل کو بڑھانے اور کرونا کو پھیلنے سے روکنے کے اقدام کے تحت ان قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔

افغان رہائی

مزید :

صفحہ اول -