غربا ء کی مدد کیلئے حکومت کا بھر پور ساتھ دینگے: محمد احمد وحید

    غربا ء کی مدد کیلئے حکومت کا بھر پور ساتھ دینگے: محمد احمد وحید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (پ ر) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید کی قیادت میں ایک وفد نے عمر حمید سے ملاقات کی اور ان کو وفاقی سیکرٹری برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی تعینات ہونے پر مبارک باد پیش کی۔ وفد میں فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین چوہدری عبدالرؤف، پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاطف اکرام شیخ، شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن پنجاب کے سیکرٹری جنرل شیخ عامر وحید، ملک سہیل حسین اور ولید احمد شامل تھے۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی عمر حمید نے کہا کہ ملک میں آٹے اور چینی سمیت کھانے پینے کی اشیاء کی کوئی قلت نہیں جبکہ لاک ڈاؤن کے دوران ملک میں خوراک کی کوئی کمی نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دروازے تاجروں وصنعتکاروں کیلئے ہر وقت کھلے ہیں اور کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو تو فوری رابطہ کریں۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ کرونا متاثرین غربا کو راشن کی فراہمی میں حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اس مشکل گھڑی میں غریب عوام کوراشن کی فراہمی میں کردار ادا کر رہی ہے تا کہ حکومت کے ساتھ مل کر معاشرے کے کمزور طبقے کو مسائل سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے تاجروں وصنعتکاروں کو مسائل کا سامنا ہے اور امید ہے کہ حکومت ان کو حل کرنے کیلئے اقدامات لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کھانے پینے کی چیزوں کی کوئی کمی نہیں ہے صرف ٹرانسپورٹ اور ترسیل کی طرف زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس موقع پر چیمبر کی طرف سے کرونا متاثرین میں مفت راشن کی تقسیم کے انتظامات سے بھی وفاقی سیکرٹری برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی کو آگاہ کیااور عمر حمید نے چیمبر کی طرف سے اس کار خیر میں حصہ لینے کی کوشش کو سراہا۔
وفد کے اراکین نے وفاقی سیکرٹری کو اپنے اپنے شعبے کے اہم مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔

مزید :

کامرس -